جامعہ کراچی، وی سی کے امیدواروں کو انٹرویو کی چھلنی سے چھان لیا گیا

صفدر رضوی  بدھ 29 جنوری 2020
مجوزہ نام کی سمری وزیر اعلیٰ کو تقرری کیلیے بھجوائی جائے گی، ڈاکٹر اجمل خان کے انتقال کے بعد وی سی کا عہدہ خالی ہوا

مجوزہ نام کی سمری وزیر اعلیٰ کو تقرری کیلیے بھجوائی جائے گی، ڈاکٹر اجمل خان کے انتقال کے بعد وی سی کا عہدہ خالی ہوا

کراچی:  سندھ کی سرکاری جامعات کے سربراہوں کے انتخاب کے لیے قائم تلاش کمیٹی نے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کیلیے امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کرلیے ہیں اورشارٹ لسٹ کیے گئے 7 میں سے 6 امیدواروں کے انٹرویوزکے بعد دوناموں پرتفصیلی غورکے بعد انھیں حتمی شکل دی گئی۔

امیدواروں میں جامعہ کراچی کے موجودہ قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور سندھ یونیورسٹی جامشوروکے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرفتح محمد برفت شامل ہیں جبکہ ایک امیدوار شاہ عبدالطیف یونیورسٹی کے پرووائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرمحمد یوسف خشک انٹرویومیں شریک ہی نہیں ہوئے تلاش کمیٹی کی جانب سے جامعہ کراچی کے وائس چانسلرکے تقررکے لیے مجوزہ نام کی سمری محکمہ یونیورسٹیزاینڈبورڈزکی جانب سے اب کنٹرولنگ اتھارٹی وزیراعلیٰ سندھ کوبھجوائی جائے گی۔

سندھ کی سرکاری جامعات کے وائس چانسلرزکے انتخاب کے لیے قائم تلاش کمیٹی کے ایک رکن پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر کے قریبی ذرائع کے مطابق تلاش کمیٹی میں سے کچھ اراکین جامعہ سندھ کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرفتح برفت کے نام پر تذبذب کاشکارتھے چونکہ ڈاکٹرفتح محمد برفت  جامعہ سندھ میں اپنی مدت ملازمت کے چارمیں سے ابتدائی تین برس پورے کرچکے ہیں اوریہ امرزیادہ بہترہے کہ انھیں مذکورہ یونیورسٹی میں اپنے عہدے کی مدت پوری کرنے دی جائے بصورت دیگراس جامعہ میں ایک بارپھرکسی پروفیسرکوقائم مقام وائس چانسلر مقرر کرنا ہو گا تاہم تلاش کمیٹی میں پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی کے نام پر مکمل اتفاق پایا گیا۔

پروفیسر ڈاکٹر خالدعراقی کوڈاکٹراجمل خان کے انتقال کے بعد جامعہ کراچی کاقائم مقام وائس چانسلرمقررکیا گیا تھا، علاوہ ازیں منگل کومنعقدہ انٹرویوزمیں دیگر امیدواروں میں شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لاء کراچی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر رخسار احمد، سندھ زرعی یونیورسٹی کے ڈائریکٹریسرچ (اوریک) پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو، جامعہ کراچی شعبہ اطلاقی کیمیاء کے پروفیسر مہدی حسن اورجامعہ کراچی شعبہ فوڈ سائنسزکے پروفیسرعابد حسنین شریک ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔