معروف اور تاریخی ایچی سن کالج نے آغا خان تعلیمی بورڈ سے الحاق کر لیا

صفدر رضوی  بدھ 29 جنوری 2020
بورڈ سے پاس 92 فیصد طلبا ملکی و غیرملکی جامعات تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے، شہزاد جیوا۔ فوٹو: فائل

بورڈ سے پاس 92 فیصد طلبا ملکی و غیرملکی جامعات تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے، شہزاد جیوا۔ فوٹو: فائل

کراچی: آغاخان یونیورسٹی ایکزامینیشن بورڈملکی تاریخ میں وہ پہلاتعلیمی بورڈبن گیا ہے جس سے پاکستان کے معروف ترین اورتاریخی حیثیت کے حامل لاہور کے ایچی سن کالج Aitchison College نے الحاق (affiliation) حاصل کر لیا۔

پاکستان کے اس معروف تعلیمی ادارے کی تاریخ رہی ہے کہ 1886میں قائم ہونے والے اس ادارے نے آج تک پاکستان کے کسی سرکاری بورڈسے الحاق نہیں لیا اور ادارے میں زیر تعلیم طلبا کیمبرج یونیورسٹی بورڈ کے تحت ہونے والے ’’اے اور او لیول‘‘ کے امتحانات میں شرکت کرکے اس سے فارغ التحصیل ہوتے تھے تاہم اب یہ پہلا موقع ہے کہ ایچی سن کالج کے طلبا رواں سال پہلی بار آغاخان تعلیمی بورڈ کے تحت نویںاورگیارہویں جماعتوں کے امتحانات میں شرکت کریں گے۔

ایچی سن کالج کی انتظامیہ نے آغاخان تعلیمی بورڈ سے الحاق کافیصلہ ’’نیشنل کریکولم پالیسی پر تیارکیے گئے بورڈ کے اکیڈمک کریکولم،ای مارکنگ اسسمنٹ ٹیکنالوجی کے نظام اورامتحانات کے شفاف انعقاد‘‘کی بنیادپرکیاہے، واضح رہے کہ ایچی سن کاشمار پاکستان کے صف اول کے تعلیمی اداروں (اسکول کالج)میں ہوتاہے اوراس سے قبل آغاخان تعلیمی بورڈ کے الحاق میں کراچی کے علاوہ اس معیارکے معروف اسکول موجودنہیں تھے۔

یادرہے کہ کراچی میں صف اول کے تعلیمی اداروں میں ’’ماماپارسی اسکول اوربی وی ایس پارسی کے ساتھ ساتھ حبیب گرلز اورحبیب بوائز ‘‘اسکول سمیت دیگرمعروف تعلیمی ادارے آغاخان تعلیمی بورڈسے الحاق شدہ ہیں۔

آغاخان یونیورسٹی ایکزامینیشن بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹرشہزاد جیوانے ’’ایکسپریس‘‘سے خصوصی گفتگومیں اس بات کاانکشاف بھی کیاکہ بورڈ کے تحت میٹرک اورانٹرمیڈیٹ کے امتحانات پاس کرنے والے92فیصد طلبا اعلیٰ تعلیم کے لیے ملکی وغیرملکی جامعات تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

یادرہے کہ یہ بورڈ2003میں قائم ہواتھا، بورڈ کی جانب سے کیے گئے University Destination Survey(یو ایس ڈی) کے مطابق فارغ التحصیل جو92فیصد طلبہ ملکی وغیرملکی جامعات میں داخلے حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں ان میں 46.4فیصد طلبہ جبکہ 53.6فیصد طالبات ہیں۔

اس سروے کے مطابق اعلیٰ تعلیمی اداروں سے بحیثیت طالب علم منسلک ہونے والے اسٹوڈینٹس میں 4فیصد دنیا کی مختلف 36بین الاقوامی جامعات میں تعلیم حاصل کررہے ہیں جن میں امریکا، کینیڈا،آسٹریلیااوریورپ کی جامعات شامل ہیں جبکہ 96فیصد پاکستان کی مختلف سرکاری ونجی جامعات میں پڑھ رہے ہیں ملکی جامعات میں پڑھنے والے ان طلبہ میں 49.9فیصد طلبہ اور50.1فیصد طالبات ہیں، سروے کے مطابق فارغ التحصیل 51.8فیصد طلبہ وطالبات پاکستان کی ایچ ای سی درجہ بندی کے تحت صف اول کی 15جامعات میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

علاوہ ازیں بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹرشہزاد جیوانے ’’ایکسپریس‘‘کوبتایاکہ آغاخان تعلیمی بورڈ میں امتحانی کاپیوں کی اسسمنٹ کے نظام پراعتماد کرتے ہوئے آئی بی اے سکھرنے ’’ایچ ایس ایس سی‘‘(ہائرسیکنڈری اسکول سرٹیفیکیٹ)انٹرمیڈیٹ میں 70فیصد یااس سے زائد مارکس لینے والے طلبا کو اپنے ادارے میں داخلہ ٹیسٹ اورانٹرویوسے مستثنیٰ قراردے دیاہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔