پشاور میں رہائش پزیر شاہ رخ خان کی کزن انتقال کرگئیں

ویب ڈیسک / شاہ زیب خان  بدھ 29 جنوری 2020
نورجہاں گزشتہ ایک سال سے  کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں فوٹوانٹرنیٹ

نورجہاں گزشتہ ایک سال سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں فوٹوانٹرنیٹ

پشاور: بالی ووڈ  سپر اسٹار شاہ رخ خان کی  پشاور میں رہائش پزیر چچا زاد بہن، سماجی شخصیت اور سابقہ خاتون کونسلر نور جہاں عرف مُنی  کینسر کی بیماری سے لڑتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملیں۔

سیاسی لحاذ سے انتہائی سرگرم خاتون نورجہاں نے سال 2018 کے عام انتخابات میں آزاد حیثیت سے حصہ لیاتھا تاہم انہوں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے اورالیکشن سے دست بردارہوگئی تھیں۔ نور جہاں  قبل ازیں ڈسٹرک اور ٹاؤن کونسلر کی حیثیت سے بھی فرائض سرانجام دے چکی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان کی کزن کا پشاور سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ

نورجہاں قصہ خوانی بازار سے ملحقہ شاہ ولی قتال میں اپنے آبائی گھر میں مقیم تھیں جہاں بچپن میں شاہ رخ خان اپنے والدین کے ساتھ دو مرتبہ ان سے ملنے پشاور آئے تھے جبکہ دو مرتبہ نورجہاں عرف منی بھی اپنے چچا زاد بھائی شاہ رخ سے ملنے بھارت گئی تھیں۔

پشاور سے کئی بار ان گنت تحفے انہوں نے اپنے کزن شاہ رخ خان کے نام بھارت بھیجے جبکہ ہر سال شاہ رخ خان کی سالگرہ کی تقریب بھی مناتی رہیں جس سے ان کو عالمی اور پاکستانی میڈیا پر پذیرائی ملی۔

نورجہاں سے ملنے کے لئے شاہ رخ خان نے پشاور آنے کا وعدہ کیا تھا تاہم وہ نہ آسکے۔ نورجہاں گزشتہ ایک سال سے  کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں اور اس جان لیوا مرض کے باعث جانبر نہ ہوسکیں۔ انہیں پشاور میں ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔