افغانستان میں فوجی اڈے پر طالبان جنگجوؤں کا حملہ، 15 اہلکار ہلاک

ویب ڈیسک  بدھ 29 جنوری 2020
حملے میں 11 اہلکار زخمی بھی ہوئے اور 4 اہلکاروں کو اغوا کرلیا گیا، فوٹو : فائل

حملے میں 11 اہلکار زخمی بھی ہوئے اور 4 اہلکاروں کو اغوا کرلیا گیا، فوٹو : فائل

کابل: طالبان جنگجوؤں نے افغان فوجی اڈے پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں 15 اہلکار ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے قندوز میں فوجی اڈے پر طالبان جنگجوؤں نے حملہ کردیا۔ رات گئے کیے گئے حملے میں طالبان کو سخت مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

حملے میں مجموعی طور پر 15 اہلکار ہلاک ہوئے جن میں 14 فوج کے اہلکار اور ایک کا تعلق پولیس سے تھا، اسی طرح زخمیوں میں بھی 8 فوجی، 2 وفاقی پولیس اور 3 مقامی پولیس کے اہلکار شامل ہیں۔

طالبان جنگجو حملے کے بعد افغان فوج کا اسلحہ اور 4 اہلکاروں کو اغوا کرکے بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔ ترجمان طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے تاہم افغان سیکیورٹی فورسز نے حملے کی تردید یا تصدیق نہیں کی ہے۔

یہ خبر پڑھیں : افغانستان میں امریکی فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا

گزشتہ روز صوبے بغلان میں طالبان جنگجوؤں کے حملے میں 10 سے زائد پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔ حملہ صوبے کی پولیس بیس پر کیا گیا تھا جس میں کمانڈر پولیس کی ہلاکت کی بھی اطلاع ہے۔

واضح رہے کہ امن مذاکرات کے تعطل کا شکار ہونے کے بعد سے افغانستان میں سیکیورٹی فورسز پر طالبان جنگجوؤں کے حملوں میں تیزی آگئی ہے جب کہ ایک روز قبل امریکی طیارہ بھی گر کر تباہ ہوگیا تھے جسے طالبان نے مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔