ایرانی حملوں میں 64 امریکی اہلکاروں کو دماغی چوٹیں آئیں، پینٹاگون

ویب ڈیسک  ہفتہ 1 فروری 2020
میزائل حملے کے بعد امریکی فوجی شدید ذہنی، جذباتی دباؤ اور خوف کا شکار ہیں، فوٹو : فائل

میزائل حملے کے بعد امریکی فوجی شدید ذہنی، جذباتی دباؤ اور خوف کا شکار ہیں، فوٹو : فائل

 واشنگٹن: پینٹاگون کا کہنا ہے کہ عراق میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملے میں 64 اہلکاروں کو دماغی چوٹیں آئی ہیں اور ان میں سے اکثر تاحال زیر علاج ہیں۔

امریکی وزارت دفاع  کے صدر دفتر پینٹاگون کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل تھامس کیمپبیل نے اپنے حالیہ بیان میں اعتراف کیا ہے کہ عراق میں عین الاسد فوجی اڈے پر ایران کے میزائل حملوں سے متاثر ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد 64 ہوگئی ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ان اہلکاروں کو شدید دماغی چوٹیں آئی ہیں اور وہ  سر درد، چکر آنا، متلی ہونا اور روشنی سے حساسیت کا شکار ہوگئے ہیں۔ جن میں سے اکثر کا علاج ہوچکا ہے تاہم 15 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔

لیفٹیننٹ کرنل تھامس کیمپبیل نے بتایا کہ 18 امریکی فوجیوں کو علاج کے لیے جرمنی اور ایک کو کویت بھی بھیجا گیا جب کہ 31 اہلکاروں کا علاج عراق میں ہوا اور وہ ڈیوٹی پر واپس آگئے ہیں۔

واضح رہے کہ 8 جنوری کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی حملے پر پالیسی بیان میں امریکی فوجیوں کے زخمی یا ہلاک ہونے کی تردید کی تھی تاہم بعد میں پینٹاگون نے 31 اہلکاروں کے زخمی ہونے کا اعتراف کرلیا تھا اس کے بعد یہ تعداد 50 بتائی گئی تھی اور اب ایک بار پھر تعداد میں اضافہ بتایا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔