خیبرپختونخوا میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا

شاہدہ پروین  بدھ 29 جنوری 2020
گزشتہ سال صوبے میں 92 متاثرہ کیسز کو رپورٹ کیا گیا تھا فوٹو: فائل

گزشتہ سال صوبے میں 92 متاثرہ کیسز کو رپورٹ کیا گیا تھا فوٹو: فائل

پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک سے پولیو کا نیا کیس رپورٹ ہوا ہے جس کے بعد رواں سال اب تک خیبر پختونخوا سے پولیو کیسز کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق ٹانک کے 11 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ متاثرہ بچے کے نمونے 11 جنوری کو تصدیق کے لئے لیباریٹری بھیجے گئے تھے. بچے کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ اس کو حفاظتی ٹیکے بھی نہیں لگوائے گئے تھے۔

رواں سال اب تک خیبر پختونخوا سے پولیو کیسز کی تعداد 3 ہوگئی ہے.جن میں دو پولیو کیسز لکی مروت سے رپورٹ کئے گئے ہیں. گزشتہ سال صوبے میں 92 متاثرہ کیسز کو رپورٹ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں بروقت ویکسین نہ ملنے کے باعث تاخیر کا شکار ہونے والی سہہ روزہ انسداد پولیو مہم باضابطہ صوبےکے 15 اضلاع میں شروع کردی گئی ہے۔  سہہ روزہ انسداد پولیو مہم  27 جنوری  کو ہونی تھی جس کو عارضی طور پر موخر کیا گیا تھا۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر خیبرپختونخوا کے مطابق انسداد پولیو مہم پشاور سمیت چارسدہ، خیبر، ملاکنڈ، مردان، نوشہرہ، صوابی، بونیر، سوات، مہمند، باجوڑ، بنوں، کوہاٹ، لکی مروت اور تورغر میں تین دن تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران 40 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف رکھا گیا ہے جس کیلئے 12ہزار 73 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں. جب کہ مہم کی موثر نگرانی کے لئے 12 ہزار 766 لیڈی ہیلتھ ورکرز بھی مہم میں حصہ لے رہی ہیں.  ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبرپختونخوا کے مطابق انسداد پولیو مہم 27 جنوری کو شروع کی جانی تھی جوکہ وفاق سے ویکسین نہ پہنچنے پر ملتوی کرنا پڑی تھی جسے آج سے شروع کردیا گیا اور تین دن تک جاری رہے گی.

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔