راولپنڈی پولیس کا اسلحہ ناکارہ ہونے لگا

عمران اصغر  بدھ 29 جنوری 2020
راولپنڈی پولیس کے اسلحہ ڈپو کی حالت زار کی وجہ سے پولیس کو شدید مسائل کا سامنا ہے، ذرائع . فوٹو : فائل

راولپنڈی پولیس کے اسلحہ ڈپو کی حالت زار کی وجہ سے پولیس کو شدید مسائل کا سامنا ہے، ذرائع . فوٹو : فائل

 راولپنڈی: دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد سے فرنٹ لائن پر سامنا کرنے والی راولپنڈی پولیس کے پاس موجود اسلحہ اسٹاک میں 35 فیصد اسلحہ استعمال نہ ہونے کی وجہ سے ناکارہ ہورہا ہے۔

پولیس ذرائع سے حاصل ہونے والی تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس کے اسلحہ اسٹاک میں  7.62 سیمی رائفل کی تعداد 887 ہے لیکن ایک بھی گولی موجود نہیں، 127 اسٹین گن 9 ایم ایم ہیں لیکن ایمونیشن نہیں ہے، 32 بور کی پرانی 2 پسٹل ہیں لیکن گولی نہیں  ہے۔

اسی طرح410 بور کی 454 رائفلیں، 22 بور کی دو رائفلیں اور ڈی پی رائفل 13 ہیں، این پی 22 نائن ایم ایم پسٹل 10 ہیں مگر ایمونیشن نہیں ہے، 9 ایم ایم بریٹا پسٹل کی تعداد 414 ہے لیکن ایمونیشن نہیں ہے، 12 بور سنگل بیرل گن 15 ہیں، تین بور پسٹل 42 جب کہ 303 رائفل 835 ہیں لیکن گولیاں موجود نہیں۔

راولپنڈی پولیس کے پاس جی تھری رائفل کی تعداد 539 ہے اور ایمونیشن 49 ہزار 2 سو 57 ہے، ایس ایم جی 7.62 کی 1798 گنز ہیں، ایمونیشن 57 ہزار 9 سو 87 ہے، ایم پی فائیو کی 399 گنز ہیں اور ایمونیشن7 ہزار 2 سو 67 ہے۔

راولپنڈی پولیس کے پاس آرمی یونیورسل گن کی تعداد 8 ہے جس میں  4 ناکارہ ہوچکی ہیں اور ایمونیشن کی تعداد 453 ہے، ایل ایم جی 1.A3 کی 10 رائفلوں میں سے 3 ناکارہ ہوچکی ہے، ایمونیشن کی تعداد 12 ہزار 6 سو 23 ہے، مارٹر گن60 ایم ایم ایک ہے اور ناکارہ پڑی ہے اور اس کے ایمونیشن کی تعداد14 ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا تھاکہ راولپنڈی پولیس کے پاس 12 بور کی شاٹ گن کی تعداد 400 ہے جس میں 50 سے زائد ناکارہ ہیں  12 شاٹ گن کے ایمونیشن کی تعداد 16 ہزار 7 سو 38 ہے، اسپیشل ریوالر 38 بور کی تعداد 396 ہے جس میں 100 کے قریب ناکارہ ہوچکی ہیں اور ایمونیشن کی تعداد 26 ہزار 8 سو 65 ہے۔

پولیس کے پاس موجود 45.5 بور کی ریوالر کی 293 ریوالر میں سے 55 سے زائد ناکارہ ہیں، ایمونیشن کی تعداد 13 ہزار 8 سو 54 ہے، 38بور پرانے 2 ریوالر ہیں  جو خراب پڑے ہیں، 303 کی 775 رائفلیں موجود ہیں جس میں 150 قریب ناکارہ ہوچکی ہیں، 13 لائٹ پسٹل ہیں، راولپنڈی پولیس کے پاس 72 لائٹ پن پسٹل ہیں  جو استعمال نہ ہونے کی وجہ سے آخری سانسیں لے رہی ہیں،  پن پسٹل کی 210 گولیاں موجود ہیں، 51 لانچر گرینیڈ میں سے 20 ناکارہ ہوچکےہیں جب کہ اورگیناز گرینیڈ کے 48 ایمونیشن موجود ہیں مگر لانچر ہی نہیں، 5 تلواریں بھی موجود ہیں جو زنگ آلود ہوچکی ہیں، راولپنڈی پولیس کے اسلحہ ڈپو کی حالت زار کی وجہ سے پولیس کو شدید مسائل کا سامنا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔