پنجاب بھر کے مزارات میں ڈیجیٹل کیش بکس لگائے جانے کے اقدامات تیز

آصف محمود  اتوار 2 فروری 2020
پنجاب کے 8بڑے مزارات کی آمدنی میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں8فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا تھا فوٹوایکسپریس

پنجاب کے 8بڑے مزارات کی آمدنی میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں8فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا تھا فوٹوایکسپریس

لاہور: محکمہ اوقاف ومذہبی امور کے زیرانتظام پنجاب بھر کے مزارات میں ڈیجیٹل کیش بکس لگائے جانے کے حوالے سے اقدامات تیزکردیئے گئے ہیں۔

محکمہ اوقاف پنجاب نے گزشتہ برس داتادربارلاہورسمیت پنجاب کے مختلف مزارات پر نذرانہ کی رقم  میں خوربرد اورچوری روکنے کے لیے چین کی کمپنی کی معاونت سے ڈیجیٹل کیش بکس لگانے کا فیصلہ کیاتھا۔ ابتدائی طورپریہ کیش بکس داتادربار، پیرمکی، بیبیاں پاک دامن ،سائیں میاں میر کے مزارات پرلگائے جانے ہیں۔

محکمہ اوقاف لاہورکے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اورترجمان آصف اعجازنے بتایا کہ ڈیجیٹل کیش بکسزکے حوالے سے آئمہ وخطبا کو خصوصی تربیت بھی دی جارہی ہے۔ نذرانہ بکس کی آن لائن مانیٹرنگ اورکیش سے متعلق معلومات کے حوالے سے جوسسٹم استعمال کیاجائے گا اس کے لئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے معاونت لی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس اقدام سے مختلف مزارات پر نذرانے کی چوری اورخردبردسے متعلق شکایات ختم ہوں گی۔ ڈیجیٹل کیش بکس کے ساتھ منسلک کیمروں کی مدد سے نہ صرف کیش ڈالنے والے کی فوٹیج بن سکے گی بلکہ کس قدررقم بطورنذرانہ کیش بکس میں ڈالی گئی ہے اس کا بھی ریکارڈ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ جب ڈیجیٹل کیش بکس کوکھولاجائے گاتوآن لائن ڈیٹاکے ساتھ بکس میں سے نکلنے والے کیش کی رقم کی تصدیق ہوسکے گی۔

ترجمان کے مطابق ڈیجیٹل کیش بکس کے حوالے سے اب تک متعدد بار ریہرسل ہوچکی ہیں۔ گزشتہ روزبھی داتادربارلاہورمیں اس کا مظاہرہ کیاگیا۔ ہماری کوشش ہے کہ تمام مزارات میں اس سسٹم کی تنصیب سے قبل اس میں ممکنہ خامیوں اورخدشات کودورکیاجاسکے۔ اس حوالے سے ابھی تک جو مشکلات یا شکایات سامنے آرہی ہیں ان کو آئی ٹی ماہرین کی مدد سے درست کرنی کی کوشش کررہے ہیں۔

صوبائی وزیراوقاف پنجاب پیرسیدسعیدالحسن شاہ نے بتایا کہ اوقاف کے مختلف شعبوں میں جدت لائی جارہی ہے اورجدیدٹیکنالوجی کا استعمال کیاجارہاہے۔ ڈیجیٹل کیش بکس بھی اسی منصوبے کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا اس حوالے سے انہوں نے مختلف کمپنیوں اورکمرشلز بنکوں کے نمائندگان سے اہم میٹنگ کی ہے  جس میں انہوں ڈیجیٹل کیش مشینوں سے متعلق ان سے ٹیکنکل رائے لی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی نیشنل بینک آف پاکستان، دی بینک آف پنجاب، یونائٹیڈ بینک ، الائیدبینک، مسلم کمرشل بینک، فیصل بینک اور بینک الفلاح کے نمائندوں سے بات ہے۔ کمرشل بینک چونکہ اے ٹی ایم مشینیں استعمال کرتے ہیں اورکیش کاؤنٹنگ کی حوالے سے بھی ان کے پاس جدیدمشینیں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب چائنہ کی ہواوے کمپنی کے شتراک سے صوبہ بھر کے تمام درباروں پر جدید الیکٹرانک کمپیوٹرائزڈ نذرانہ بکسوں کا اجراء کرے گی۔تمام نذرانہ بکسوں کا کنٹرول جدید کیمروں اور وائی فائی کے عمل سے ہو گا۔تمام نذرانہ بکسوں کی نگرانی و مانیٹرنگ کا عمل باقاعدگی سے ماسٹر کنٹرول روم سے کیا جائے گا۔مقررہ تاریخ پر جب تمام نذرانہ بکسوں کو کھولا جائے گا۔ اس مو قع پر نامزد کردہ کمیٹی کے ممبران اور بنک کے افسران بھی موقع پر موجود ہوں گے جو اپنی نگرانی میں رقوم کی گنتی کا عمل شروع کریں گے۔ یہ عمل کرپٹ مافیا کے خلاف سخت اقدامات اپنانے کے لئے کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں کرپٹ اور دھوکے باز مافیا کے خلا ف موقع پر سخت اقدامات عمل میں لائے جا سکیں۔

ترجمان اوقاف کے مطابق صوبے میں اس وقت محکمہ اوقاف کے زیرانتظام 545 مزارات جبکہ 437 مساجدہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل کیش بکس صرف مزارات میں ہی لگائے جارہے ہیں ۔ مساجدمیں چونکہ ان کا عملہ بہت کم ہے،صوبے میں چندمساجدمیں ڈیجیٹل نذرانہ بکس لگائے جائیں تاہم یہ دوسرے مرحلے میں ہوگا، کئی مقامات ایسے ہیں جہاں مساجداورمزارات اکٹھے ہیں اس لئے وہاں الگ الگ ڈیجیٹل کیش بکس لگانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

محکمہ اوقاف کے زیرانتظام مزارات کی سالانہ آمدن ۔1136 اعشاریہ 642 ملین روپے ہے جس کا لوکل فنڈآڈٹ سے باقاعدہ آڈٹ کروایاجاتا ہے ۔ اوقاف حکام کی طرف سے جاری کئے گئے اعداد شمار کے مطابق پنجاب کے 8بڑے مزارات کی آمدنی میں مالی سال 2018-19  کے دوران گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں8فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔ محکمے کوامید ہے کہ ڈیجیٹل کیش بکس لگنے سے آمدنی میں مزید اضافہ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔