کراچی؛ چین سے آئے بعض افرادسے کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ

طفیل احمد  جمعـء 7 فروری 2020
ایس او پیزجاری،ریپڈ ریسپانس میڈیکل ٹیم کا دائرہ بھی وسیع کردیا گیا
  فوٹو: فائل

ایس او پیزجاری،ریپڈ ریسپانس میڈیکل ٹیم کا دائرہ بھی وسیع کردیا گیا فوٹو: فائل

کراچی:  صوبائی محکمہ صحت نے کراچی میں ممکنہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلیے اسٹینڈرپروسیجرآپریٹنگ(ایس اوپیز) جاری کردیا اورفوری طورپربنائی جانیوالی ریپڈریسپانس میڈیکل ٹیم کا دائرہ وسیع کردیا جس کے بعد اب ریڈمیڈیکل ریسپانس ٹیم کراچی کے 6اضلاع میں قائم کردی گئی ہے۔

ریڈمیڈیکل ریسپانس ٹیم کا نوٹیفیکیشن نمبر To.V11(PH)nCoV,2/20202 جمعرات کو جاری کردیاگیا، ٹیم کے سربراہ ڈائریکٹر صحت کراچی ڈاکٹر سید ہاشم شاہ جبکہ کوآرڈینٹر ڈاکٹر ظفر مہدی ٹہم کے ٹیکنیکل سربراہ ڈاکٹرمحمد آصف کو مقرر کیاگیا ہے جبکہ ڈاکٹر سید کامران رضوی کو ڈسٹرکٹ آفیسر پروینٹو تعینات کیاگیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ حکومت کو اس بات کاخدشہ ہے کہ چائنا سے آنے والے بعض مسافروں سے یہ وائرس کراچی میں پھیل سکتا ہے جس پر پیش نظرجمعرات کوکراچی کے تمام اضلاع میں میڈیکل ٹیم تشکیل دیدی ہے۔

ضلع کورنگی میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اپنے ضلع کی ٹیم کے سربراہ ہوں گے جبکہ ڈاکٹرشیخ رحمن، ڈاکٹراشفاق حسین میمن، ڈاکٹر شارق،ڈاکٹرعبید سمیت فزیشن انفیکیشن ڈیزیزشامل ہوں گے، اس ٹیم کے ہمراہ ایک لیب ٹیکنیشن، ایک نرس، ایک ہیلتھ ایجوکیشن آفیسر اور ایک ایمبولینس بھی ساتھ ہوگی،ضلع غربی میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرکی سربراہی میں قائم کی گئی اس ٹیم میں ڈاکٹر نیئربلوچ، ڈاکٹر عامر حسین، ڈاکٹر فیضان،ڈاکٹر وہاب، ڈاکٹر تنویر شامل ہوں گے ان کے ہمراہ ایک فزیشن انفیکیشن، لیب ٹیکینیشن ،ایک نرس ایک ایجوکیشن آفیسر اور ایک ایمبولینس لازمی قرار دی گئی ہے۔

دریں اثنا صوبائی محکمہ صحت نے کورونا وائرس کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت کی نئی ہدایت کے بعد سندھ بالخصوص کراچی میں سخت مانیٹرنگ کا فیصلہ کرلیا، صوبائی محکمہ صحت نے ائیرپورٹ پر تعینات محکمہ کی میڈیکل ریسپانس ٹیم کو سخت ہدایت جاری کی ہیں کہ ایئرپورٹ پرکورونا وائرس کی علامات میں مبتلاکسی بھی مشتبہ مسافرکو ایئرپورٹ سے باہر نہ نکلنے دیاجائے اورمشتبہ مسافروں کوفوری قرنطینہ یونٹ منتقل کیاجائے۔

اس حوالے سے آج محکمہ صحت نے کراچی کے ڈائریکٹر صحت ڈاکٹر سید ہاشم شاہ کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ کراچی کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران اورکورونا وائرس کے فوکل پرسن ڈاکٹر ظفر مہدی سمیت تمام افسران کو نئی ہدایات کیلیے اجلاس طلب کرلیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔