کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے جرمنی، ایران اور آذربائیجان کی ٹیمیں لاہور پہنچ گئیں

میاں اصغر سلیمی  جمعـء 7 فروری 2020
غیرملکی ٹیموں کو بہترین سہولتیں دیں گے اور شائقین کو شاندار کبڈی دیکھنے کو ملے گی، صوبائی وزیر کھیل ۔ فوٹو : فائل

غیرملکی ٹیموں کو بہترین سہولتیں دیں گے اور شائقین کو شاندار کبڈی دیکھنے کو ملے گی، صوبائی وزیر کھیل ۔ فوٹو : فائل

 لاہور: پاکستان کبڈی فیڈریشن اور حکومت پنجاب کے تعاون سے منعقدہ کبڈی ورلڈ کپ 2020ء میں شرکت کے لیے تین ممالک کی ٹیمیں لاہور پہنچ گئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے جرمنی، ایران اور آذربائیجان کی ٹیمیں لاہور پہنچ گئیں جن کا اسپورٹس بورڈ پنجاب کے حکام نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پرتپاک استقبال کیا جب کہ دیگر غیر ملکی ٹیمیں ہفتے کو لاہور پہنچیں گی۔

صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ کبڈی ورلڈ کپ 2020ء میں حصہ لینے والی غیرملکی ٹیموں کو بہترین سہولتیں دیں گے، کبڈی شائقین کو شاندار کبڈی دیکھنے کو ملے گی جنہیں وہ مدتوں یاد رکھیں گے، دنیا بھر کی 10 بہترین ٹیمیں ایک دوسرے کے مقابل ہوں گی اور پرزور مقابلے ہوں گے، پنجاب کے کھیل کبڈی کو فروغ دینے میں کبڈی ورلڈ کپ سنگ میل ثابت ہوگا، کبڈی ورلڈ کپ کے لیے ہماری تیاریاں مکمل ہیں۔

واضح رہے کہ کبڈی ورلڈ کپ 2020ء کے 14 مقابلے پنجاب اسٹیڈیم لاہور، 8 مقابلے اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد جب کہ 2 مقابلے ظہور الٰہی اسٹیڈیم گجرات میں ہوں گے، کبڈی ورلڈ کپ 9 سے 16 فروری تک منعقد ہوگا، 9 فروری کو پنجاب اسٹیڈیم میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔