برطانیہ میں بھارتی ڈاکٹر کو خواتین مریضوں کے جنسی استحصال پر تین بار عمر قید

ویب ڈیسک  ہفتہ 8 فروری 2020
بھارتی ڈاکٹر کیخلاف خواتین نے جنسی استحصال کی 90 شکایتیں درج کرائی تھیں، فوٹو : فائل

بھارتی ڈاکٹر کیخلاف خواتین نے جنسی استحصال کی 90 شکایتیں درج کرائی تھیں، فوٹو : فائل

 لندن: برطانیہ میں 50 سالہ بھارتی ڈاکٹر کو خواتین مریضوں کے معائنے کے بہانے 90 بار جنسی استحصال کرنے پر 3 بار عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی عدالت نے بھارتی ڈاکٹر منیش شاہ کو بچیوں اور خواتین مریضوں کا غیر ضروری اور تفصیلی معائنہ کرنے، جنسی اعضا کو بلا ضرورت ہاتھ لگانے اور جنسی استحصال کرنے کے 90 سے زائد شکایتوں پر 3 بار عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ انہیں 17 خواتین کی شکایت پر پہلے بھی سزا ہوچکی ہے۔

جیوری کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر منیش شاہ نے ڈاکٹر اور مریض کے درمیان اعتماد کے رشتے کو ٹھیس پہنچایا، بھروسے کو توڑتے ہوئے محض جنسی لذت حاصل کرنے کے لیے غیر ضروری معائنے اور ٹیسٹس کر کے مریضوں کو ذہنی کوفت میں مبتلا کیا۔

بھارتی ڈاکٹر منیش پر جنسی تسکین حاصل کرنے کے لیے خواتین کا غیر ضروری معائنہ کرنے کا جرم 13 دسمبر کو ہونے والی سماعت میں ثابت ہو گیا تھا جس میں  فرد جرم بھی عائد کردی گئی تھی، جیوری کو بتایا گیا تھا کہ ڈاکٹر کیخلاف مریضوں کو بوسہ دینا، گلے لگانا، کچھ کو خصوصی اور کچھ کو اسٹار قرار دینے کے شواہد موجود ہیں۔

پراسیکیوٹر کیٹ بیکس نے جیوری کو مزید بتایا کہ ڈاکٹر منیش نے معالجین کے لیے جاری کی جانے والی گائیڈ لائنز کی بھی خلاف ورزی کی اور نیشنل ہیلتھ سروسز کی مقرر کردہ قواعد و ضوابط کو پامال کیا تاہم ڈاکٹر منیش نے ان تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بس اپنے مریضوں کو بہتر صحت کی سہولیات دینا چاہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔