سکھوں کے مقدس مقام گولڈن ٹیمپل میں ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے پرپابندی

آصف محمود / ویب ڈیسک  اتوار 9 فروری 2020
دنیابھرسے سکھ کمیونٹی کی طرف سے شکایات آرہی تھیں جس کے باعث گولڈن ٹیمپل میں ٹک ٹاک ویڈیوبنانے پرپابندی لگائی گئی، کمیٹی فوٹوفائل

دنیابھرسے سکھ کمیونٹی کی طرف سے شکایات آرہی تھیں جس کے باعث گولڈن ٹیمپل میں ٹک ٹاک ویڈیوبنانے پرپابندی لگائی گئی، کمیٹی فوٹوفائل

امرتسر: سکھوں کی سب سے بڑی نمائندہ جماعت شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی نے بھارت میں سکھوں کے سب سے مقدس مقام گولڈن ٹیمپل ہرمندرصاحب میں ٹک ٹاک ویڈیوزبنانے پرپابندی لگادی ہے۔

شرومنی کمیٹی کے مطابق دنیابھرسے سکھوں کے علاوہ مختلف مذاہب کے لوگ گولڈن ٹیمپل ہرمندرصاحب آتے ہیں اور یہاں یادگار کے طورپراپنی ویڈیوز اورتصاویربنواتے ہیں۔ اس پرکبھی بھی پابندی نہیں لگائی گئی تھی تاہم اب کچھ عرصہ سے نوجوان لڑکے، لڑکیاں اس مقدس مقام پرآکر مزاحیہ اندازمیں ٹک ٹاک ویڈیوبناتے ہیں جو اس جگہ کی بے حرمتی کے مترادف ہے۔

اس حوالے سے دنیابھرسے سکھ کمیونٹی کی طرف سے شکایات آرہی تھیں۔ اس وجہ سے گولڈن ٹیمپل میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر پابندی لگائی گئی ہے۔

گولڈن ٹیمپل کے مینیجرسردار راجیندرسنگھ روبی نے ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہرمندرصاحب میں فوٹوگرافی اور ویڈیو بنانے پرپابندی نہیں لگائی گئی ہے تاہم ٹک ٹاک اورفنی ویڈیوزبنانے پرپابندی ہوگی اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس حوالے سے سیکیورٹی عملے کوالرٹ کردیاگیاہے جبکہ گولڈن ٹیمپل میں کئی ایک مقامات پرنوٹس بھی لگادیئے گئے ہیں، جس میں کہاگیاہے کہ شری ہرمندرصاحب ایک مقدس استھان ہے یہاں ادب واحترام کے تقاضوں کوملحوظ خاطررکھاجائے۔

شرومنی کمیٹی کے ذرائع کے مطابق کمیٹی کی طرف سے دنیابھرمیں موجود گوردواروں میں ٹک ٹاک ویڈیوبنانے پر پابندی کی سفارش بھی کی جاسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔