اس آبشار سے سرد موسم میں آگ بہتی ہے!

ویب ڈیسک  جمعرات 13 فروری 2020
ویسے تو اس کا نام ہارس ٹیل فالز ہے لیکن اسے یوسمائٹ فائر فالز بھی کہا جاتا ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

ویسے تو اس کا نام ہارس ٹیل فالز ہے لیکن اسے یوسمائٹ فائر فالز بھی کہا جاتا ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

کیلیفورنیا: تصویر دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے جیسے پہاڑ کی چوٹی پر برف جمی ہوئی ہے جس کے ایک طرف سے لاوا بہتا ہوا نیچے گر رہا ہے لیکن درحقیقت ایسا کچھ بھی نہیں۔

امریکا کے یوسمائٹ نیشنل پارک میں یہ آبشار ’’ہارس ٹیل فالز‘‘ کہلاتی ہے مگر اس کی وجہِ شہرت کچھ اور ہے۔ کبھی کبھار فروری کے مہینے میں، جب سردیوں کی شدت ختم ہورہی ہوتی ہے، پہاڑ پر جمی برف پگھلنے لگتی ہے اور یہ آبشار آہستہ آہستہ بہنے لگتی ہے۔

ان ہی دنوں میں اگر پہاڑ کی چوٹی پر برف موجود ہو، درجہ حرارت اتنا ہو کہ برف پگھلنا شروع ہوجائے، موسم بالکل صاف ستھرا ہو اور سورج ایک خاص زاویئے سے اس آبشار پر اپنی کرنیں بکھیر رہا ہو تو یوں لگتا ہے جیسے اس آبشار سے پانی نہیں بلکہ لاوا بہہ رہا ہے۔

اگرچہ یہ منظر ہر سال واقع نہیں ہوتا لیکن اسے دیکھنے کی خواہش میں ہر سال فروری کے مہینے میں لاکھوں لوگ ہارس ٹیل فالز کا رخ کرتے ہیں جس کی وجہ سے ارد گرد کے علاقے میں ٹریفک جام سمیت کئی مسائل پیدا ہوجاتے ہیں۔

ان حالات کے پیشِ نظر مقامی انتظامیہ نے ہارس ٹیل فالز کی جانب آمد و رفت کو محدود کردیا ہے لیکن پھر بھی ہزاروں کی تعداد میں من چلے یہاں پہنچ ہی جاتے ہیں۔

جب اس آبشار سے لاوا بہتا دکھائی دیتا ہے تو پھر وقتی طور پر بعض لوگ اسے ’’یوسمائٹ فائر فالز‘‘ (یوسمائٹ کا آتش شار) کا نام بھی دے دیتے ہیں، جو بہت برمحل ہوتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔