اپنے کمرے میں چوہے چھوڑ کر کرایہ بچانے والا مجرم گرفتار

ویب ڈیسک  جمعـء 14 فروری 2020
یہ شخص اب تک چوہوں اور ہیمسٹرز کے ذریعے دھوک دہی کی کم از کم تین وارداتوں کا اعتراف کرچکا ہے (فوٹو: انٹرنیٹ)

یہ شخص اب تک چوہوں اور ہیمسٹرز کے ذریعے دھوک دہی کی کم از کم تین وارداتوں کا اعتراف کرچکا ہے (فوٹو: انٹرنیٹ)

یوٹاہ: ایک امریکی شہری کو آج کل ایک عجیب و غریب جرم کے لیے مقدمے کا سامنا ہے۔ یہ شخص پہلے کسی ہوٹل میں کمرہ کرائے پر لیتا اور خود ہی وہاں چوہے چھوڑ دیتا۔ پھر وہ روم سروس کو بلا کر صفائی کی ناقص صورتِ حال پر ہنگامہ کھڑا کردیتا۔ ہوٹل انتظامیہ اپنی عزت بچانے کے لیے اس سے معافی مانگتی اور کمرے کا کرایہ بھی نہیں لیتی۔

مقامی پولیس کے مطابق، ریان سنٹیل اسٹیٹ نامی یہ 37 سالہ شخص امریکی ریاست یوٹاہ کا رہائشی ہے۔ یہ تین ہوٹلوں کے ساتھ اسی قسم کی جعل سازی میں ملوث پایا گیا ہے جبکہ پولیس کو یقین ہے کہ یہ اس سے پہلے بھی کئی دوسرے ہوٹلوں کے ساتھ یہ کارستانی کرچکا ہے۔

یہ تو معلوم نہیں کہ پولیس نے سنٹیل کو کب اور کیسے گرفتار کیا؟ لیکن اتنا ضرور بتایا گیا ہے کہ گرفتاری کے بعد اس نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے اور کہا ہے کہ وہ کئی ہوٹلوں میں چوہے اور ہیمسٹر (چوہوں جیسے چھوٹے جانور) چھوڑ کر مفت کمرے کے مزے لوٹ چکا ہے۔

فی الحال اسے مجرمانہ جعل سازی اور دھوکا دہی کے تحت پانچ الزامات کا سامنا ہے۔ ان الزامات کے ثابت ہونے پر سزا اور جرمانے کا فیصلہ مقامی عدالت کرے گی۔

واضح رہے کہ امریکا میں ہوٹلوں اور ریستورانوں میں صفائی ستھرائی سے متعلق قوانین بہت سخت ہیں جن کی خلاف ورزی پر مالکان کو بھاری جرمانوں اور سزاؤں کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن ان ہی قوانین کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بہت سے لوگ مفت کھانا کھانے کےلیے کھانے میں کنکر اور شیشے کے ٹکڑے گرا کر شور مچا دیتے ہیں جس کی وجہ سے ریستوران کو اُن کا بِل معاف کرنا پڑتا ہے۔

البتہ یہ غالباً پہلا موقع ہے کہ جب کسی شخص کو ہوٹل میں مفت کا کمرہ ہتھیانے کے لیے چوہوں اور ہیمسٹر کے ذریعے جعل سازی پر گرفتار کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔