مریخ پر انسانی شہر کا ڈیزائن بنائیے، 15 لاکھ کا انعام پائیے!

ویب ڈیسک  جمعـء 14 فروری 2020
لیکن شرط ہے کہ شہر میں دس لاکھ انسانوں کی گنجائش ہو اور اس کے تمام وسائل مریخ ہی سے حاصل کیے جائیں۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

لیکن شرط ہے کہ شہر میں دس لاکھ انسانوں کی گنجائش ہو اور اس کے تمام وسائل مریخ ہی سے حاصل کیے جائیں۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

ٹیکساس: مریخ پر انسانی بستیاں بسانے کے خواہش مند گروپ ’’مارس سوسائٹی‘‘ نے حال ہی میں ایک نئے انعامی مقابلے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت دنیا بھر سے لوگوں کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ مریخ پر انسانی شہر کا ڈیزائن بنا کر ان کے پاس جمع کروائیں۔

ان میں سے جو ڈیزائن بھی مارس سوسائٹی کو سب سے اچھا اور موزوں ترین لگا، اسے بنانے والی ٹیم کو 10 ہزار ڈالر (15 لاکھ پاکستانی روپے) کا انعام دیا جائے گا۔ مقابلے کےلیے ڈیزائن جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 جون 2020 مقرر کی گئی ہے۔

مستقبل کے اس مریخی شہر کو ’’مارس سٹی اسٹیٹ‘‘ کا نام دیا گیا ہے جہاں دس لاکھ افراد رہ سکیں گے۔

البتہ اس شہر کا ڈیزائن حقیقت پسندانہ ہونا چاہیے جبکہ مارس سوسائٹی نے یہ شرط بھی رکھی ہے کہ اس شہر کے تمام تر وسائل مریخ ہی سے حاصل کیے جائیں تاکہ اسے زمین سے اشیاء منگوانے کی کم سے کم ضرورت پڑے۔

مطلب یہ کہ مارس سٹی اسٹیٹ کے تمام باسیوں کو اشیائے خور و نوش، لباس، رہائش، توانائی، روزمرہ اشیائے صرف، گاڑیاں اور مشینیں وغیرہ مریخ پر موجود قدرتی وسائل ہی سے حاصل ہوجائیں۔ تاہم صرف وہی چیزیں زمین سے مریخ تک ’’درآمد‘‘ کرنے کی اجازت ہوگی جو وہاں تیار نہ کی جاسکیں، بالخصوص جدید برقی آلات اور اسی طرح کا دوسرا ساز و سامان۔

اگر آپ کے ذہن میں بھی مریخ کےلیے ایسے ہی کسی شہر کا منصوبہ ہے جہاں دس لاکھ انسان رہ سکیں اور جو اپنے تمام تر وسائل کے اعتبار سے مکمل طور پر خودکفیل و خودمختار ہو، تو اس لنک پر کلک کرکے مزید تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔