افغانستان کے مدرسے میں زوردار دھماکا، 5 طلبا جاں بحق

ویب ڈیسک  جمعـء 14 فروری 2020
مدرسے میں ہونے والے دھماکے میں 6 طلبا زخمی بھی ہوئے، فوٹو : فائل

مدرسے میں ہونے والے دھماکے میں 6 طلبا زخمی بھی ہوئے، فوٹو : فائل

کابل: افغانستان کے ایک مدرسے میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 5 طلبا جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے جب کہ ایک دوسرے واقعے میں برفانی تودا گرنے سے 20 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے شمالی صوبے قندوز کے ضلع دست آرچی میں واقع ایک مدرسے میں زور دار دھماکا ہوا ہے، دھماکا اتنا زوردار تھا کہ آس پاس کی عمارتیں بھی لرز گئیں۔ دھماکے میں 5 طلبا جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ بارودی مواد دھماکے کے بعد ریسکیو ادارے کے اہلکاروں نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے جب کہ سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور اُسے کلیئر قرار دیکر انتظامیہ کے حوالے کردیا ہے۔ تاحال کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

دوسری جانب صوبے دائکنڈی میں برفانی تودا گرنے سے 20 سے زائد افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے جب کہ 7 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ خراب موسم اور بارشوں کے باعث 2 ماہ میں ہلاکتوں کی تعداد 72 ہوگئی ہے۔

ادھر امریکا اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی کے موقع پر ایک دوسرے کے خلاف پُرتشدد حملوں اور کارروائیاں بند کرنے پر اتفاق کرلیا گیا ہے تاہم اس کے باوجود آج مدرسے میں ہونے والے دھماکے میں 5 طلبا لقمہ اجل بن گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔