ویلنٹائن ڈے ؛ بھارت میں طالبات سے کبھی ’محبت نہ کرنے‘ کا عہد لینے کی ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  جمعـء 14 فروری 2020
کالج کی طالبات سے صرف والدین کی مرضی سے شادی کرنے کا عہد بھی لیا گیا، فوٹو : ویڈیو گریب

کالج کی طالبات سے صرف والدین کی مرضی سے شادی کرنے کا عہد بھی لیا گیا، فوٹو : ویڈیو گریب

نئی دلی: بھارت میں مقامی کالج کی طالبات سے کبھی ’محبت نہ کرنے‘ اور والدین کی رضامندی کے بغیر شادی نہ کرنے کا عہد لیا گیا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

دنیا بھر میں آج ویلنٹائن ڈے منایا جا رہا ہے، اس دن ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار جوڑے پھولوں اور تحائف کا تبادلہ کرتے ہیں اور عہد وفا کی تجدید کرتے ہیں۔ اس حوالے سے بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر امراوتی کے ایک کالج میں اپنی نوعیت کی ایک انوکھی تقریب منعقد کی گئی۔

یوم محبت کی منابت سے منعقد کردہ تقریب میں کالج کے ایک پروفیسر نے طالبات سے ایک انوکھا عہد لیا جس میں طالبات سے ’ محبت نہ کرنے‘ اور والدین کی مرضی کے بغیر شادی نہ کرنے کی تلقین کی گئی ہے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر طالبات سے عہد لینے کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک استاد طالبات سے عہد لے رہے ہیں اور طالبات استاد کے جملوں کو ساتھ ساتھ دہرا رہی ہیں کہ وہ پسند کی شادی کرکے کبھی والدین کو پریشانی کا سامنا نہیں کرنے دیں گی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو پر کالج انتطامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے، اکثر صارفین کا کہنا تھا کہ پسند کی شادی کرنا یا لائف پارٹنر کے انتخاب میں اپنی رائے دینا چوری یا ڈکیتی نہیں جس کے نہ کرنے کا عہد لیا جارہا ہے تاہم کچھ صارفین نے اساتذہ کے اقدام کو سراہا بھی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔