فی الحال ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں، شعیب ملک

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 14 فروری 2020
ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرنا ہر کھلاڑی کا حق ہے، وہ جانتا ہے کہ اسے کب ریٹائرمنٹ لینی ہے، شعیب ملک۔
 فوٹو: فائل

ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرنا ہر کھلاڑی کا حق ہے، وہ جانتا ہے کہ اسے کب ریٹائرمنٹ لینی ہے، شعیب ملک۔ فوٹو: فائل

 کراچی: آل راؤنڈر شعیب ملک کا کہنا ہے کہ فی الحال میرا ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں ہے لیکن جب تک فٹ ہوں کھیلتا رہوں گا۔

پی ایس ایل فائیو کی تیاری کے سلسلے میں پشاور زلمی کے پریکٹس سیشن کے بعد نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ پی ایس ایل فائیو میں سب ٹیمیں اچھی ہیں اور بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں، میرا فوکس کسی ٹیم کے خلاف نہیں ہر ٹیم کے خلاف ہے۔

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے پشاور زلمی کے ڈیرن سیمی کو پاکستان سے خصوصی لگاؤ ہے اور وہ پاکستانی شائقین کرکٹ سے بہت محبت کرتے ہیں جب کہ پاکستانی بھی ڈیرن سیمی سے محبت کا بھرپور اظہار کرتے ہیں۔ پشاورزلمی کا کپتان بنوں یا نہیں میری توجہ کرکٹ پر ہے، اپنی بیٹنگ اور بولنگ دونوں کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہوں۔

سابق کپتان نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرنا ہر کھلاڑی کا حق ہے، وہ جانتا ہے کہ اسے کب ریٹائرمنٹ لینی ہے، اگر کوئی کھلاڑی یہ سمجھتا ہے کہ اب وہ مزید نہیں کھیل سکتا تو اسے ازخود جگہ چھوڑ دینی چاہیے تاکہ نئے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال میرا ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں ہے، جب تک فٹ ہوں کھیلتا رہوں گا، میرا ہدف پاکستان کے لیے کھیلنا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔