کبڈی ورلڈ کپ: پاکستان نے اپنا تیسرا میچ بھی جیت لیا

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 14 فروری 2020
کبڈی ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز کل پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے (فوٹو: فائل)

کبڈی ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز کل پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے (فوٹو: فائل)

 لاہور: کبڈی ورلڈ کپ 2020ء کے چھٹے روز پول بی میں پاکستان نے اور آذربائیجان  کو شکست دے کر اپنا تیسرا میچ بھی جیت لیا۔

جمعہ کے روز ظہورالہی اسٹیڈیم گجرات میں دو میچ کھیلے گئے، پہلا میچ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان کھیلا گیا، پاکستان نے ٹاس جیت کر ریڈ کرنے کا فیصلہ کیا، پہلا ریڈ ملک بن یامین نے کیا اور پوائنٹس حاصل کیا۔

پاکستانی کھلاڑی میچ کے آغاز سے ہی آذربائیجان کے کھلاڑیوں پر حاوی رہے اور میچ پر اپنی گرفت مضبوط رکھی، پہلے ہاف میں ہی پاکستان نے اپنی پوزیشن مستحکم بنالی، پہلے ہاف میں پوائنٹس 16-23 رہے، دوسرے ہاف میں بھی پاکستان کا پلہ بھاری رہا اور میچ کے اختتام تک آذربائیجان کی ٹیم پاکستان کے لیے کوئی مشکل پیدا نہ کرسکی اور پاکستان نے میچ 30-40 سے جیت لیا۔

دوسری جانب کبڈی ورلڈ کپ 2020ء کے چھٹے روز دوسرا مقابلہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ہوا جس میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلا ریڈ کیا، بھارت کی ٹیم شروع سے ہی انگلینڈ پر بھاری رہی، بھارت نے پہلے ہاف میں اپنی پوزیشن مضبوط بنالی، پہلے ہاف میں پوائنٹس 15-21 رہے، دوسرے ہاف میں بھی بھارت نے انگلینڈ کی ٹیم کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور میچ 26-44 سے جیت لیا۔

یہ پڑھیں: کبڈی ورلڈ کپ؛ پاکستان آسٹریلیا کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

واضح رہے کہ 15 فروری بروز ہفتہ کو کبڈی ورلڈ کپ 2020ء کے سیمی فائنلز پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے، پہلا سیمی فائنل بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان شام 6 بجے جبکہ دوسرا سیمی فائنل پاکستان اور ایران کے درمیان رات ساڑھے 7بجے کھیلا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔