اسلام آباد ہائیکورٹ کا بچوں پرتشدد اورسزا کے خلاف تحریری حکم جاری

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 فروری 2020
وفاقی تعلیمی اداروں میں بچوں پرتشدد پرپابندی یقینی بنائیں، عدالت فوٹو: فائل

وفاقی تعلیمی اداروں میں بچوں پرتشدد پرپابندی یقینی بنائیں، عدالت فوٹو: فائل

 اسلام آباد: معروف گلوکارو شہزاد رائے کی درخواست پرہائیکورٹ نے بچوں پرتشدد اورسزا کے خلاف تحریری حکم جاری کردیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے بچوں پرتشدد اورسزا کے خلاف گلوکارشہزاد رائے کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا۔

تحریری حکم نامہ کے مطابق اٹارنی جنرل آف پاکستان آئندہ سماعت پرعدالتی معاونت کریں، ڈائریکٹرجنرل ایجوکیشن شکایات وصول کرنے کے حوالے سے میکنزم بنائیں، پرائیویٹ اسکولوں کے لیے قائم ریگولیٹری باڈی عدالتی ہدایات کے مطابق نوٹیفکیشن جاری کرے، سیکرٹری انسانی حقوق یو این کنونشن کے تحت بچوں کو حاصل حقوق کے قانون پرعمل درآمد رپورٹ جمع کرائیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: تشدد بچوں کے دماغ کو جنسی ہراسانی جتنا نقصان پہنچاتا ہے، شہزاد رائے

عدالت نے ڈائریکٹرجنرل ایجوکیشن کو حکم دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی تعلیمی اداروں میں بچوں پرتشدد پرپابندی یقینی بنائیں، آئین کے آرٹیکل 14 کے تحت بچوں کوحاصل حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے۔

عدالت نے ڈائریکٹرجنرل ایجوکیشن کوہدایت کی کہ اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں جسمانی سزاوں کے حوالے سے شکایات کا ازالہ کریں، انسپکٹرجنرل پولیس اسلام آباد بھی درخواست میں جواب جمع کرائیں۔  داخلہ، قانون و انصاف، تعلیم کے سیکرٹریز آئندہ سماعت تک جواب جمع کرائیں اوررجسٹرار آفس کیس پانچ مارچ کو سماعت کے لیے مقررکرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔