مہلک کورونا وائرس افریقہ پہنچ گیا، مصر میں پہلے مریض کی تصدیق

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 فروری 2020
اب تک دو درجن سے زائد ممالک میں کورونا وائرس کے متاثرہ مریض سامنے آچکے فوٹو:فائل

اب تک دو درجن سے زائد ممالک میں کورونا وائرس کے متاثرہ مریض سامنے آچکے فوٹو:فائل

قاہرہ / بیجنگ: چین سے شروع ہونے والا جان لیوا کورونا وائرس براعظم افریقہ کے ملک مصر تک پہنچ گیا ہے۔

مصر کی وزارت صحت نے ملک میں ایک شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق کردی ہے جو غیر ملکی شہری ہے۔ مریض کو اسپتال میں قرنطینہ (تنہائی) میں رکھا گیا ہے۔

اب تک دو درجن سے زائد ممالک میں کورونا وائرس کے متاثرہ مریض سامنے آچکے ہیں جن میں چین، جاپان، سنگاپور، ہانگ کانگ، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، ملائیشیا، تائیوان، ویتنام، جرمنی، امریکا، آسٹریلیا، فرانس، مکاؤ، برطانیہ، متحدہ عرب امارات، کینیڈا، فلپائن، اٹلی، بھارت، اسپین، روس، نیپال، فن لینڈ، سوئیڈن، سری لنکا، کمبوڈیا اور بیلجیئم شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: چین میں طبی عملے کے 17سو افراد کورونا وائرس کا شکار، چھ ہلاک

ادھر چین کی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ کورونا وائرس سے مزید 143 افراد ہلاک ہوگئے جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 1523 ہوگئی ہے۔ ہلاک شدگان میں طبی عملے کے 6 اہلکار بھی شامل ہیں جو مریضوں کی دیکھ بھال پر مامور تھے۔

چینی حکام کے مطابق مزید 2641 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے نتیجے میں چین میں کل مریضوں کی تعداد 66 ہزار 492 تک پہنچ گئی۔

سنگین صورتحال کے باعث چین کے دارالحکومت بیجنگ کی انتظامیہ نے شہر میں داخل ہونے والے ہر شخص پر 14 روز کے لیے قرنطینہ میں رہنے کی پابندی عائد کردی ہے جس کی خلاف ورزی کی صورت میں اسے سزا کا سامنا کرنا ہوگا۔

بیجنگ انتظامیہ نے حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے مطابق باہر سے شہر میں داخل ہونے والے ہر شخص کو 14 روز کے لیے یا تو خود ہی کسی جگہ قرنطینہ میں رہنا ہوگا یا پھر حکومت کی جانب سے مختص کیے گئے طبی مراکز میں دو ہفتے گزارنے ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔