بھارت کی مسجد میں پہلی بار یوگا کلاسوں کا آغاز

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 فروری 2020
نمازیوں کے وزن میں اضافے اور مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے کی وجہ سے یہ اقدام اُٹھایا، مسجد کمیٹی (فوٹو : فائل)

نمازیوں کے وزن میں اضافے اور مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے کی وجہ سے یہ اقدام اُٹھایا، مسجد کمیٹی (فوٹو : فائل)

 حیدرآباد دکن: بھارت میں پہلی مرتبہ ایک مسجد میں یوگا ورزشوں کا آغاز کردیا گیا ساتھ ہی نمازیوں کے علاج کے لیے ایک ڈاکٹر کو بھی مقرر کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حیدرآباد کی ایک مقامی مسجد کی کمیٹی نے نمازیوں کے وزن میں اضافے اور مختلف بیماریوں کے شکار ہونے پر یوگا کلاسوں کا آغاز کیا جب کہ علاج و معالجے کے لیے ایک ڈاکٹر کو بھی مقرر کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے مسجدِ اسحاق کی ایک منزل کو طبی مشوروں کے لیے مختص کردیا گیا ہے جہاں شہریوں کو صحت سے متعلق آگاہی فراہم کی جاتی ہے اور موٹاپے میں کمی کے لیے یوگا ورزشیں کرائی جائیں گی۔

مسجد کمیٹی کے صدر کا کہنا ہے کہ علاقے میں چہل قدمی اور ورزش کرنے کے لیے جگہ کی کمی کا سامنا ہے، اس لیے مسجد میں ہی اس کا اہتمام کیا جارہا ہے البتہ یہاں یوگا کے آسن نہیں کرائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ فٹ رہنے اور مختلف بیماریوں سے محفوظ رہنے کے لیے یوگا نہایت مفید ورزش ہے جس کے بیش بہا فوائد ہیں، بھارت میں کئی مقامات پر یوگا ورزشیں کرائی جاتی ہیں تاہم پہلی مرتبہ یوگا کی ورزش کرانے کے لیے کسی مسجد کا انتخاب کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔