خیبرپختونخوا میں سرکاری وغیرسرکاری اسپتالوں میں انتقال خون مراکز کی رجسٹریشن شروع

شاہدہ پروین  اتوار 16 فروری 2020
 ابتدائی طور پانچ بلڈ بینکوں اور انتقال خون مراکز کو لائسنس جاری کر دیئے ہیں  فوٹوفائل

ابتدائی طور پانچ بلڈ بینکوں اور انتقال خون مراکز کو لائسنس جاری کر دیئے ہیں فوٹوفائل

پشاور: خیبر پختونخوا بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی نے ریگولیشنز وضع کرنے کے بعد صوبے بھر میں سرکاری اور غیر سرکاری اسپتالوں کے بلڈ بینکوں اور پرائیویٹ انتقال خون مراکز کی باضابطہ رجسٹریشن شروع کر دی۔

ابتدائی طور پانچ بلڈ بینکوں اور انتقال خون مراکز کو لائسنس جاری کر دیئے ہیں جبکہ اضلاع میں اتھارٹی ٹیم مزید اسپتالوں کے بلڈ بینکوں اور انتقال خون مراکز کے دورے کررہی ہے جنہیں مطلوبہ معیار پر پورا اترنے کے بعد لائسنس جاری کیا جائے گا۔

اتھارٹی کی دستاویز کے مطابق شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر پشاور، رحمان میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پشاور، فاطمید فاؤنڈیشن اینڈ تھیلیسیمیا سینٹر پشاور، ریجنل بلڈ سینٹر پشاور اور برنز اینڈ پلاسٹک سرجری سینٹر پشاور کو لائسنس جاری کئے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ صوبائی حکومت نے 2016ء میں خیبر پختونخوا بلڈ ٹرانسفیوژن سیفٹی اتھارٹی ایکٹ منظور کرلیا تھا جس کی روشنی میں خون سے متعلق خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو ریگولیٹ کیا جارہا ہے۔2017ء میں ایکٹ پر عملدرآمد کے لئے بلڈ ٹرانسفیوژن سیفٹی ریگولیشنز بنائی گئی تھیں۔ ایکٹ کے تحت بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کو بلڈ بینکوں اور انتقال خون مراکز کی مانیٹرنگ، انسپکشن اور لائسنسنگ کے اختیارات دیئے گئے تھے۔

ایکٹ کے تحت صوبے بھر کے تمام نجی وسرکاری بلڈ بینکوں اور انتقال خون کے مراکز کو رجسٹرکراتے ہوئے لائسنس جاری کئے جارہے ہیں۔ اتھارٹی کی ٹیم نے کنگ عبداللہ ٹیچنگ اسپتال مانسہرہ، سیدو گروپ آف ٹیچنگ اسپتال، سینٹرل اسپتال، نوازشریف کڈنی اسپتال، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال مٹہ سوات، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال الپوری شانگلہ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال بٹ خیلہ، تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال درگئی مالاکنڈ، لیڈی ریڈنگ اسپتال، خیبر ٹیچنگ اسپتال، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس، انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیسیزز، نارتھ ویسٹ جنرل اسپتال، مرسی ٹیچنگ اسپتال، کویٹ ٹیچنگ اسپتال، فرنٹیئر فاؤنڈیشن، نصیر اللہ خان بابر میموریل اسپتال، نصیر ٹیچنگ اسپتال، مولوی امیر شاہ میموریل اسپتال پشاور، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ہری پور، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ایبٹ آباد، وویمن اینڈ چلڈرن اسپتال ایبٹ آباد کے بلڈ بینکوں کے معائنے کا شیڈول تیار کرتے ہوئے دورے شروع کر دیئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔