چھپکلی کی بنائی ہوئی پینٹنگ فروخت، رقم آسٹریلوی متاثرین کو عطیہ

ویب ڈیسک  اتوار 16 فروری 2020
واٹسن نامی چھپکلی کی بنائی گئی پینٹنگ اب دنیا بھر میں فروخت ہورہی ہے (فوٹو: ایم ایس این)

واٹسن نامی چھپکلی کی بنائی گئی پینٹنگ اب دنیا بھر میں فروخت ہورہی ہے (فوٹو: ایم ایس این)

مشی گن: گزشتہ ماہ آسٹریلیا کے جنگلات میں بھڑکنے والی ہولناک آگ پر دنیا بھر کے لوگوں نے اپنے اپنے انداز میں مدد کی جس کے لیے رقم اور عطیات روانہ کیے۔ اب اس دوڑ میں ایک پالتو چھپکلی بھی شامل ہوگئی ہے جو اپنی پینٹنگ کے شاہکار فروخت کرکے رقم  عطیہ کررہی ہے۔

یہ ایک طرح کی ٹیگو چھپکلی ہے اور اس کا نام ونسٹن رکھا گیا ہے۔ ونسٹن چھپکلی ایک گرافک ڈیزائنر سارہ کری کے ساتھ مشی گن میں اس کے گھر میں رہتی ہے۔ سارہ احتیاط سے اس کے پنجے اور دم کو رنگ میں ڈبوتی ہے اور اس کے بعد اسے کینوس پر چھوڑ دیتی ہے۔ چھپکلی دم ہلاتے ہوئے بھاگتی ہے اور اپنے رنگ کینوس پر بکھیرتی ہے۔ اس کے بعد احتیاط سے کینوس خشک کرلیا جاتا ہے اور فریم کرکے اسے آن لائن فروخت کیا جارہا ہے۔

سارہ نے جب ان پینٹنگز کو نیلامی کے لیے رکھا تو ایک پینٹنگ 75 ڈالر تک میں فروخت ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے 1000 ڈالر جمع ہوگئے اور یہ رقم آسٹریلیا کی آگ سے معلق ایک فنڈ کو فراہم کی جارہی ہے۔

سارہ کو یہ چھپکلی اس کے پرانے مالک کے ایک ڈبے میں ملی تھی جسے وہ ایک چڑیا گھر میں چھوڑ گیا تھا۔ اس وقت چھپکلی بہت کمزور تھی اور اس کی جلد خراب ہوچکی تھی۔ سارہ نے اس چھپکلی کو اپنالیا اور اس کی دیکھ بھال کی۔

سارہ جانوروں سے پیار کرتی ہیں اور آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ سے بہت فکر مند تھیں۔ اس کے بعد انہوں نے جانوروں کے لیے محفوظ مخصوص رنگ خریدے اور چھپکلی سے مصوری کروائی۔ اس کے بعد دھیرے دھیرے اس نے کینوس پر رنگ برنگی اور خوبصورت پینٹنگ بنانا شروع کیں جو اب لوگوں میں مقبول ہونے لگی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔