پاکستان سپر لیگ کا بخار سر چڑھ گیا

اسپورٹس رپورٹر  پير 17 فروری 2020
اسلام آباد یونائیٹڈ اورکراچی کنگز کے درمیان پریکٹس میچ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس گراؤنڈ پر ہوگا فوٹو: فائل

اسلام آباد یونائیٹڈ اورکراچی کنگز کے درمیان پریکٹس میچ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس گراؤنڈ پر ہوگا فوٹو: فائل

کراچی:  پاکستان سپر لیگ کا بخار سر چڑھ گیا، پی ایس ایل 5 کیلیے شہر قائد میں سرگرمیاں تیز ہوگئیں، پیر کو وارم اپ میچزمیں لیگ کی 4 ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، اسلام آباد یونائیٹڈ اورکراچی کنگز کے درمیان پریکٹس میچ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس گراؤنڈ پر ہوگا ، پشاور زلمی اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی ٹیمیں ڈی ایچ اے اسپورٹس کلب، معین خان اکیڈمیز پرصف آرا ہوں گی، قبل ازیں یہ میچ نیشنل اسٹیڈیم پر طے تھا دونوں میچز کا آغاز دوپہر 1 بجے ہوگا، قبل ازیں مقامی ہوٹل میں دونوں ٹیموں کی الگ الگ پریس کانفرنس ہوگی۔

ادھر اتوار کو لیگ کی تیاریوں کے سلسلے میں کراچی میں موجود چاروں ٹیموں نے نیشنل اسٹیڈیم پرپریکٹس سیشن کیے، اس موقع پربھر پورسیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے، دومرتبہ کی چیمپئن اسلام آبادیونائیٹڈ نے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹرگراؤنڈ پرہیڈکوچ مصباح الحق کی زیرنگرانی بیٹنگ اور بولنگ کی مشقیں کیں، فرنچائزکے مینٹوراور اسسٹنٹ کوچ کے ساتھ ٹیم کے کھلاڑی لیوک رونکی ان کی معاونت کرتے رہے جبکہ  ٹرینرکوری رٹگز نے کھلاڑیوں کو فزیکل ٹریننگ کرائی۔

ان میں کپتان شاداب خان،  کولن انگرام، فل سالٹ، فہیم اشرف، رومان رئیس، حسین طلعت، عماد بٹ، موسیٰ خان و دیگرشامل تھے، صبح کے سیشن میں  پشاور زلمی  نے بھی نیٹ پریکٹس کی، مینٹورکی ذمے داری ادا کرنے کے لیے پاکستان پہنچنے والے جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے معروف بیٹسمین ہاشم آملہ خصوصی توجہ کا مرکز رہے، شام کے سیشن میں کراچی کنگزاوردفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا، دوسری جانب اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کی چمکتی ٹرافی کے ساتھ گراؤنڈ میں  داخل ہوں گے اور ٹرافی دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کو سونپیں گے۔

یہ پہلا موقع ہوگا جب کرکٹ کی کسی بڑی تقریب میں اسکواش لیجنڈ ٹرافی کے ساتھ جلوہ گر ہوں گے، لیگ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب جمعرات کی شام کراچی میں شیڈول ہے، اس میں ملک کے بڑے ستارے جلوہ گر ہوں گے، افتتاحی تقریب اور افتتاحی میچ کے ٹکٹوں کی طلب میں تیزی آگئی ہے، بدھ کو پی ایس ایل ٹرافی کی رونمائی کی تقریب ساڑھے تین بجے ہوگی، جہانگیر خان خود کرکٹ میں گہری دلچسپی لیتے ہیں، پی ایس ایل ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ جہانگیر خان نیشنل اسٹیڈیم کی مین بلڈنگ سے ٹرافی کے ساتھ نمودار ہوں گے۔گراؤنڈ کے وسط میں ٹرافی کی تقریب رونمائی رکھی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔