سمندری حدود کی خلاف ورزی پر 17 بھارتی ماہی گیر گرفتار

اسٹاف رپورٹر  پير 17 فروری 2020
ابتدائی تفتیش کے بعد ماہی گیروں کومزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس حکام کے حوالے کردیاجائے گا،ترجمان
 فوٹو: فائل

ابتدائی تفتیش کے بعد ماہی گیروں کومزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس حکام کے حوالے کردیاجائے گا،ترجمان فوٹو: فائل

کراچی: میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے پاکستانی سمندری حدود کی خلاف ورزی پر17 بھارتی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا،ترجمان میری ٹائم سیکیورٹی کے مطابق بھارتی ماہی گیروں کی جانب سے رواں ہفتے میں دوسری بار پاکستانی سمندری حدود کی خلاف ورزی کی گئی۔

میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے  کارروائی کی جس کے نتیجے میں مزید 3 ہندوستانی ماہی گیرکشتیاں قبضے میں لے لیں اور ان پر سوار 17بھارتی ماہی گیروں کو پاکستانی سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کرلیاگیا،ترجمان ایم ایس اے کے مطابق  رواں ہفتے میں دوسری بار بھارتی ماہی گیروں نے سمندری حدود کو عبور کیاہے ، مشرقی زون میں پی ایم ایس اے کی مستعد ہونے کی وجہ سے بھارت اپنے  FLASE FLAG OPERATION جیسی کارروائی نہیں کرسکتا۔

ترجمان میری ٹائم کے مطابق گزشتہ کئی روز  سے پی ایم ایس اے کی جانب سے صورتحال کے پیش نظر بحری اثاثوں کو چوکس رکھا گیا اور  علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاشی لی گئی جس کے دوران  14اور 15 فروری کی رات کوایک بارپھر کشتیوں کو17 ماہی گیروں سمیت پاکستانی سمندری حدود میں گرفتار کیاگیا ، پکڑے گئے بھارتی افراد بظاہر ماہی گیر لگتے ہیں تاہم ان سے مزید پوچھ گچھ کی جارہی ہے  تاکہ ان کی درست شناخت اور  پاکستان کی حدود میں ان کے داخلے کے ارادے کو جانچا جا سکے،مزید برآں جیسا کہ بھارت ہمیشہ جھوٹی کاروائیوں کے دعوے  کرتا ہے  پی ایم ایس اے اس امکان کو پوری طرح جانتا ہے اور انھیں ناکام بنانے کے لیے ہردم  چوکس ہے۔

یہاں یہ امر قابل بھی ذکر ہے کہ بھارتی ماہی گیر پاکستان کی سمندری حدود میں  گھس کر اعلیٰ معیار کی مچھلیوں کا شکار کرتے ہیں جو مقامی فشرمین کے آمدنی کی کمی پر نظر انداز  ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستانی معیشت کو نقصان اور ماحولیاتی خطرات کا بھی باعث بنتے ہیں،  ابتدائی  تفتیش کے بعد ان ماہی گیروں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس حکام کے حوالے کیاجائے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔