بھارت ؛ ہاسٹل میں پاک آرمی کا نغمہ سننے اور زندہ باد کے نعرے لگانے پر 3 کشمیری طلبا گرفتار

ویب ڈیسک  پير 17 فروری 2020
سول انجینیئرنگ سال اول کے طلبا باسط، عامر اور طالب کی رجسٹریشن بھی معطل کردی گئی، فوٹو : بھارتی میڈیا

سول انجینیئرنگ سال اول کے طلبا باسط، عامر اور طالب کی رجسٹریشن بھی معطل کردی گئی، فوٹو : بھارتی میڈیا

کرناٹک: بھارت میں ایک انجینئرنگ کالج کے مسلمان طلبا کو پاک آرمی کا تھیم سونگ سننے اور پاکستان کے حق میں نعرے بلند کرنے پر ہاسٹل سے گرفتار کرلیا گیا جب کہ طلبا کی رجسٹریشن بھی معطل کردی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹک کے شہر ہبلی میں واقع ’ کے ایل ای انجینئرنگ کالج میں زیر تعلیم 3 کشمیری نوجوانوں نے اپنے ہاسٹل کے کمرے میں ایک ویڈیو ریکارڈ کی، جس میں طلبا پاکستان آرمی کا نغمہ سن رہے ہیں اور اس دوران فرط جذبات سے لبریز ہو کر پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگاتے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں : مقبوضہ کشمیر میں کار بم دھماکے میں 44 بھارتی فوجی ہلاک

کشمیری طلبا باسط عاشق صوفی، طالب مجید اور عامر محی الدین کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جسے  پرنسپل پروفیسر باساواراج انامی نے بھی دیکھ لیا اور طلبا کی رجسٹریشن معطل کرکے مقامی تھانے میں شکایت درج کرا دی جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے طلبا کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ طلبا نے یہ حرکت اس دن کی جب پورا ملک پلوامہ حملے میں ہلاک ہونے والے فوجی جوانون کی یاد منارہا تھا۔ گرفتار طلبا کا تعلق سوپور کشمیر سے ہے ان طلبا پر ملک سے بغاوت کرنے کا الزام ہے، طلبا کے موبائل فونز اور لیپ ٹاپ تحویل میں لے کر فرانزک لیب بھیج دیئے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔