پاکستانی نوجوان ایم سی سی پر بھاری پڑنے لگے

اسپورٹس رپورٹر  منگل 18 فروری 2020
اوپنر علی عمران نے64 رنز بنائے،منیر ریاض اور مبصر خان نے 2،2 شکار کیے۔ فوٹو: فائل

اوپنر علی عمران نے64 رنز بنائے،منیر ریاض اور مبصر خان نے 2،2 شکار کیے۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  پاکستانی نوجوان ایم سی سی پر بھاری پڑنے لگے، شاہینز کے بعد قومی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن ٹیم ناردرن نے بھی9 رنز سے زیر کرلیا۔

ایچیسن کالج میں منعقدہ ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایم سی سی کے کپتان سنگاکارا نے ٹاس جیت کربولنگ کا فیصلہ کیا، اوپنر علی عمران اور ذیشان ملک نے ناردرن کو 48 کا آغاز فراہم کیا، دیگر بیٹسمینوں کوبھی رنز بنانے میں زیادہ دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑا، میزبان ٹیم نے 5وکٹ پر152 رنز اسکور کیے۔

علی عمران نے43 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں سمیت 64 رنزکی اننگز کھیلی، سرمد بھٹی 25 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے، روی بوپارا نے3 جبکہ رولوف وین ڈر اور عمران قیوم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں مہمان بیٹسمین بڑی شراکتیں قائم نہیں کرسکے،سمت پٹیل کی جانب سے 39 رنزناٹ آؤٹ کی اننگز بھی ایم سی سی کو فتح دلانے کیلیے ناکافی ثابت ہوئی، مہمان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 143 رنز ہی بنا سکی، منیر ریاض اور مبصر خان نے 2،2وکٹیں لیں،مہمان ٹیم بدھ کو ایچیسن کالج میں ہی ملتان سلطانز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔