حکومت کا مستحقین کو مویشی، رکشے اور ٹھیلے مفت فراہم کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  منگل 18 فروری 2020
احساس اثاثہ جات پروگرام میں مستحق افراد کو ٹریننگ بھی فراہم کی جائے گی فوٹو: فائل

احساس اثاثہ جات پروگرام میں مستحق افراد کو ٹریننگ بھی فراہم کی جائے گی فوٹو: فائل

 اسلام آباد: حکومت نے احساس اثاثہ جات پروگرام کے تحت مستحقین میں فی خاندان 60 ہزار روپے مالیت تک کے مویشی،رکشے اور ٹھیلے مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت نے مستحق افراد کو احساس پروگرام کے تحت مفت اثاثہ جات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے تحت غریب ترین افراد کو مقامی سطح پر روزگار فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ احساس “اثاثہ جات اسکیم” کا باقاعدہ آغاز وزیراعظم 21 فروری کو جنوبی پنجاب سے کریں گے۔

اس پروگرام کے تحت احساس اثاثہ جات پروگرام کے تحت ابتدائی طور پر ملک کے 23 اضلاع کی 375 یونین کونسلوں میں 15 ارب روپے تقسیم ہوں گے اور ایک لاکھ 76 ہزار خاندان اس سے مستفید ہوں گے۔ پروگرام کے تحت فی خاندان 60 ہزارروپے تک کی گائیں، بکریاں، رکشے اور ٹھیلے مفت دیئے جائیں گے، اس کے علاوہ انہیں اس حوالے سے ضروری تربیت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ یہ اثاثے ان کے لئے باعزت روزگار کا ذریعہ بنیں۔

احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ احساس اثاثہ جات پروگرام غریب ترین افراد کے لیے باعزت ذریعہ آمدن بنے گا، ابتدائی طور پر منصوبے میں خیبر پختوخوا کے 10، پنجاب کے 3، سندھ کے 7 اور بلوچستان کے 3 اضلاع شامل ہیں، اس سے لاکھوں بے روزگار افراد کو روزگار میسر آئے گا، مستحقین کا تعین احساس پروگرام کے غربت سروے کے تحت کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔