بھارتی مسافر بردار طیارے کے انجن میں آگ بھڑک اُٹھی

ویب ڈیسک  منگل 18 فروری 2020
انجن میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا، فوٹو : فائل

انجن میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا، فوٹو : فائل

احمد آباد: بھارت میں اُڑان بھرنے کے لیے تیار مسافر بردار طیارے کے انجن میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایئرلائن ’گو ایئر‘ کی احمد آباد سے بنگلور جانے والی پرواز کے دائیں انجن میں اس وقت آگ بھڑک اُٹھی جب طیارہ اڑان بھرنے ہی والا تھا۔ آتشزدگی سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ طیارے کو رن وے سے ہٹا کر ایئرپورٹ پر مسافروں کو اتار دیا گیا۔

ریسکیو عملے نے انجن میں لگی آگ پر قابو پالیا اور ٹیکنیکل عملے نے انجن کی خرابی کو دور کرکے طیارے کو پرواز بھرنے کی اجازت دیدی۔ اس دوران تمام مسافر اور عملے کے ارکان محفوظ رہے۔ طیارے میں آگ باہر سے کسی چیز کے ٹکرانے سے لگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں بھی بھارتی مسافر بردار طیارے کے انجن میں دوران پرواز آگ بھڑک اُٹھی تھی جس کی وجہ سے طیارے کو ہنگامی لینڈنگ بھی کرنا پڑی تھی۔ اس طیارے میں 180 افراد موجود تھے جو محفوظ رہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔