جوڈیشل کمیشن کا متاثرہ مدرسے و مارکیٹ کا دورہ، تصاویرلیں

قیصر شیرازی  جمعـء 22 نومبر 2013
انتظامیہ نے نقشے کی مددسے بریفنگ دی، کمیشن کو نیا دفتر الاٹ، جیمرزنصب. فوٹو ایکسپریس/فائل

انتظامیہ نے نقشے کی مددسے بریفنگ دی، کمیشن کو نیا دفتر الاٹ، جیمرزنصب. فوٹو ایکسپریس/فائل

راولپنڈي: سانحہ راولپنڈی کی تحقیقات کرنیوالے عدالتی کمیشن نے جمعرات کو سانحہ راولپنڈی میں متاثرہ مدرسہ تعلیم القرآن اور آتشزدگی سے تباہ ہونیوالی دکانوں کا جائزہ لیا ۔

کمیشن کے سربراہ جسٹس مامون الرشید شیخ کی ہدایت پر معاون عملے نے جائے وقوع کی تصاویر بھی بنائیں، اس موقع پر راولپنڈی انتظامیہ اور پولیس افسران بھی موجود تھے جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، قبل ازیں جسٹس مامون الرشید نے کمشنر راولپنڈی اور ایس پی راول چوہدری حنیف کو طلب کیا، انھوں نے کمیشن کے سربراہ کو مسجد ومدرسے کے چاروں اطراف کے داخلی راستوں، ماتمی جلوس کے روٹ، متاثرہ مارکیٹ کے راستے اور پولیس کی ڈیوٹیوں کے بارے میں نقشہ کی مدد سے آگاہ کیا۔

دریں اثناء سانحے کی تحقیقات کیلیے عدالتی کمیشن کو ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کی عمارت کے فرسٹ فلور پر بڑا ہال فراہم کر دیا گیا۔کمیشن کو الاٹ کمرہ اور اس کے تمام راستوں پر کلوز سرکٹ کیمرے اور جیمرز بھی لگا دیے گئے ہیں، عدالت کے چاروں اطراف پولیس کمانڈوز بھی تعینات ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔