ایران میں امریکا کیلیے جاسوسی کے الزام میں 10 افراد کو قید کی سزا

ویب ڈیسک  منگل 18 فروری 2020
10 میں 8 افراد سماجی کارکنان ہین جنہیں 2018 میں گرفتار کیا گیا تھا، فوٹو : فائل

10 میں 8 افراد سماجی کارکنان ہین جنہیں 2018 میں گرفتار کیا گیا تھا، فوٹو : فائل

تہران: ایران میں ماحولیات کے لیے کام کرنے والے 8 سماجی کارکنان سمیت 10 افراد کو امریکا کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی عدالت کے ترجمان غلام حسین اسماعیلی نے میڈیا کو بتایا کہ 10 شہریوں کو ریاست مخالف سرگرمیوں اور امریکا کی جاسوسی کے الزام میں دس سال تک قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ ان افراد کو 2018 میں حراست میں لیا گیا تھا۔

عدالت کی جانب سے قید کی سزا پانے والے تمام افراد ایرانی ہیں جن میں سے ماحولیات کے لیے کام کرنے والی سماجی تنظیم کے 8 ارکان بھی شامل ہیں۔ ایک رکن کے پاس امریکی اور برطانوی شہریت بھی ہے تاہم ایران میں دہری شہریت کو تسلیم نہیں کیا جاتا۔

دو سماجی کارکنان مراد تحباز اور نیلم بایانی کو دس دس سال قید کی سزا کیساتھ کیسات وہ رقم بھی لُٹانے کا حکم دیا گیا ہے جو بقول تفتیشی ادارے امریکا نے ایران کی جاسوسی کرنے کے لیے دونوں کو فراہم کی تھی۔

اسی طرح 2 افراد حمان اور طاہر غدیرانی کو آٹھ آٹھ سال قید کی سزا سنائی گئی، علاوہ ازیں سام رجابی ، کاشان دوست اور عامر حسین کو چھ چھ سال اور عبد الرضا کو چار سال قید کی سزا سنائی گئی ہے جب کہ ایک شخص سعید امامی زیر حراست ہلاک ہوگیا تھا۔ دیگر دو ملزمان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔