ولی عہد حمدان بن محمد سے اونٹ کے والہانہ انداز کی ویڈیو وائرل

 منگل 18 فروری 2020
ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، فوٹو : ویڈیو گریب

ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، فوٹو : ویڈیو گریب

ولی عہد حمدان بن محمد بن راشد سوشل میڈیا پر کافی متحرک ہیں اور اپنے سماجی کاموں کے باعث اکثر خبروں میں بھی رہتے ہیں لیکن حال ہی میں وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں شہزادے کا ایک نیا روپ سامنے آیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں مثبت سرگرمیوں، ماحولیات اور کھیلوں میں رغبت کے باعث شہرت رکھنے والے دبئی کے ولی عہد شہزادہ حمدان بن محمد بن راشد کی ایک ویڈیو کو بہت پذیرائی ملی ہے جس میں شہزادے کو ایک اونٹ کو آواز دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اونٹ نہ صرف شہزادے کی آواز کو سنتا ہے بلکہ ان کی گاڑی کے قریب آکر والہانہ انداز میں اپنی انسیت کا اظہار بھی کرتا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کے لیے شہزادے کی مصروفیات کو دیکھنا اور انہیں سراہنا نئی بات نہیں لیکن جانوروں کیساتھ اچھے برتاؤ، رحم دلی اور پیار کے جذبات رکھنے پر صارفین پھولے نہیں سمائے۔ صارفین کا کہنا تھا کہ جانوروں کو بھی توجہ اور پیار کی ضرورت ہوتی ہے اور اصل بات تو یہ ہے کہ یہ جانور انسانوں سے زیادہ وفادار ثابت ہوتے ہیں۔

دیکھتے ہی دیکھتے ویڈیو کو پسند اور شیئر کرنے والوں کی تعداد ہزاروں تک جا پہنچی جب کہ تبصروں کا تانتا بندھ گیا اور سوشل میڈیا کے ہر پلیٹ فارم پر یہ ویڈیو شیئر ہونے لگی۔ ولی عہد حمدان بن محمد کی سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر فین فالونگ دیگر عرب ممالک کے شہزادوں سے بہت زیادہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔