راولپنڈی میں بدبخت باپ 10 سالہ بیٹی سے زیادتی کی کوشش پر گرفتار

اسٹاف رپورٹر  منگل 18 فروری 2020
گرفتار ملزم پولیس کی تحویل میں (فوٹو : ایکسپریس)

گرفتار ملزم پولیس کی تحویل میں (فوٹو : ایکسپریس)

 راولپنڈی: راولپنڈی میں بدبخت باپ کو اپنی 10 سالہ بیٹی کے ساتھ زیادتی کی کوشش پر گرفتار کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کے علاقے تھانہ صدر واہ کی حدود میں بدبخت والد کی اپنی 10 سالہ بیٹی کے ساتھ زیادتی کی کوشش کا واقعہ سامنے آیا ہے جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق مسماتہ (س بی بی) نے بتایا کہ 10 سال قبل ظریف خان سے شادی ہوئی جس سے تین بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں، گھر میں کام کاج میں مصروف تھی، 10 سالہ بیٹی مسماتہ (ک، ش) بھی گھر میں ہی تھی کہ خاوند ظریف خان کی نیت میں فتور آیا جس نے بیٹی سے نازیبہ حرکات شروع کردیں۔

ماں کے مطابق بیٹی نے روتے ہوئے تمام بات مجھے بتا دی، اس سے قبل بھی ایسا ہوا لیکن شرم کے مارے وہ خاموشی رہی تھی لیکن اب خاموش نہیں رہ سکتی۔

پولیس نے بچی کی والدہ کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ایس پی پوٹھوہار سید علی کا کہنا تھا ملزم سے تفتیش جاری ہے بچوں پر کسی قسم کا تشدد یا ان کا استحصال ناقابل برداشت ہے۔

دوسری جانب پولیس تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملزم نے تین شادیاں کر رکھی ہیں دو بیویوں کو ساتھ اور ایک کو مانسہرہ میں رکھا ہوا ہے جبکہ مجموعی طور پر ملزم کے 15 بچے ہیں اور پیشے کے اعتبار سے سبزی فروش ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔