اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل شاندار مہمان نوازی پر پاکستانی عوام کے مشکور

ویب ڈیسک  بدھ 19 فروری 2020
لاہور کی ثقافت اور وسیع تاریخ سےبہت لطف اندوز ہوا، انتونیوگوتریس  فوٹوٹوئٹر

لاہور کی ثقافت اور وسیع تاریخ سےبہت لطف اندوز ہوا، انتونیوگوتریس فوٹوٹوئٹر

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان کاتاریخی دورہ مکمل کرکے واپس روانہ ہوگئے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس 4 روزہ دورہ پاکستان مکمل کرکے واپس روانہ ہوگئے ہیں، اقوام متحدہ میں پاکستان کےمستقل مندوب منیر اکرم نے انتونیو گوتریس کو رخصت کیا اور انہیں دورہ پاکستان کا یادگاری تصویری البم پیش کیا گیا۔

انتونیو گوتریس نے اپنے دورے کے دوران اسلام آباد اور لاہور میں کئی تقاریب میں شرکت کی، انہوں نے جہاں افغان مہاجرین سے متعلق عالمی کانفرنس سے خطاب  اور  اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں، وہیں لاہور کے شاہی قلعے کی سیر کے علاوہ کرتار پور کوریڈور کا بھی دورہ کیا۔

پاکستان سے روانگی کے وقت اپنے ٹوئٹر پیغام میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ اپنا دورہ پاکستان مکمل کرکے واپس جارہاہوں، لاہور کی ثقافت اور تاریخ سے بہت لطف اندوز ہوا، اپنے شاندار دورے پر پاکستانی عوام کا مشکور ہوں۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے پاکستانی نوجوانوں کوپیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی 30سال سےکم عمرہے، خود کو مصروف رکھیں، سوچ بڑی رکھیں اور بہتر دنیا کی تعمیر کے لیے کوششیں کرتے رہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔