مائیکل جیکسن کا بھتیجا مہمان نوازی پر پاکستان کا مشکور  

ویب ڈیسک / احتشام مفتی  بدھ 19 فروری 2020
پاکستان ایک حسین اور پرامن ملک ہے، جعفر جیکسن

پاکستان ایک حسین اور پرامن ملک ہے، جعفر جیکسن

 کراچی: پاپ اسٹار مائیکل جیکسن کے بھتیجے جعفر جیکسن کا کہنا ہے کہ پاکستان حسین تریک اور پرامن ملک ہے لیکن دنیا بھر میں اس کا تاثرغلط قائم کیا گیا ہے۔

چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے بانی رکن اور میزبان ذیشان شاہ کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے جعفر جیکسن نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے لیکن دنیا میں اس کا تاثرغلط ہے، 6 یوم سے پاکستان میں قیام پذیر ہوں، لاہور اسلام آباد کے بعد اب کراچی میں موجود ہوں، پاکستان انتہائی خوبصورت ملک ہے اور یہاں آکر بہت خوشی ہوئی ہے۔

جعفر جیکسن کا کہنا تھا کہ پاکستانی لوگ محبت کرنے والے ہیں اور یہاں کے کھانے انتہائی ذائقہ دار ہیں، انہوں نے کہا کہ میوزک کے معاملے میں اپنےچچا سے مائیکل جیکسن سے متاثرہوں لیکن ان کی طرح  ڈانس نہیں کرسکتا، میری پہلی البم موسم گرما میں ریلیز ہونے جا رہی ہے جس میں اطالوی، افریقی اورامریکی میوزک کویکجا کیاگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ پوری دنیا میں سماجی پراجیکٹس کرنا چاہتا ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں جعفر جیکسن نے کہا کہ مستقبل میں وہ پاکستان اور امریکی پاپ سنگرکی مشترکہ کنسرٹ کرنے کی خواہش مند ہیں، کراچی ایک بڑا شہر ہے جہاں بہترین جامعات اور مختلف ثقافت کے حامل لوگ رہتے ہیں۔

اس موقع پرسی پی آئی سی گلوبل کے بانی رکن اور جعفر جیکسن کے میزبان ذیشان شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم عالمی سیلیبریٹیز کے ذریعے دنیا بھرمیں پاکستان کے مثبت تاثر کو فروغ دے رہے ہیں، ہم اپنی مدد آپ کے تحت اب تک چار عالمی شہرت یافتہ شخصیات کوپاکستان کے دورے کرائے ہیں تاکہ وہ دوبارہ اپنے اپنے ممالک میں جاکردنیا کے سامنے پاکستان کا اصل چہرہ سامنے لاسکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔