یمن میں حوثی باغیوں نے سعودی جنگی جیٹ طیارہ مار گرایا

ویب ڈیسک  بدھ 19 فروری 2020
ایران نے حوثی باغیوں کو زمین سے فضا پر مار کرنے والا ایئر ڈیفنس سسٹم فراہم کیا ہے، (کرنل ترکی المالکی) فوٹو : فائل

ایران نے حوثی باغیوں کو زمین سے فضا پر مار کرنے والا ایئر ڈیفنس سسٹم فراہم کیا ہے، (کرنل ترکی المالکی) فوٹو : فائل

صنعا:  یمن میں حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے لڑاکا جیٹ طیارے کو مار گرایا ہے جس میں موجود دونوں پائلٹس لاپتہ ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تین روز قبل لاپتہ ہونے والے سعودی فضائیہ کے لڑاکا جیٹ طیارے کے حوثی باغیوں کے میزائل حملے میں تباہ ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے۔ طیارے میں دو پائلٹس سوار تھے جن کے بارے میں متضاد دعوے سامنے آرہے ہیں۔

یمن میں برسرپیکار اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے سعودی جیٹ طیارے کے تباہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ باغیوں کے حملے کے نتیجے میں جنگی طیارہ گرنے سے قبل دونوں پائلٹس جہاز سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے تاہم پائلٹس سے رابطہ نہیں ہوسکا ہے۔

دوسری جانب حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا تھا شمالی صوبے کے علاقے الجاف میں سعودی جیٹ طیارے کو میزائل حملے میں مار گرایا ہے جس کے نتیجے میں طیارے میں موجود دونوں پائلٹس ہلاک ہو گئے تھے۔ حوثی باغیوں نے طیارہ مار گرانے کی ویڈیو بھی جاری کی تھی۔

ادھر کرنل ترکی المالکی نے سعودی جنگی طیارہ مار گرانے کا الزام ایران پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے حال ہی میں حوثی باغیوں کو زمین سے فضا میں مار کرانے والا ایئر ڈیفنس سسٹم فراہم کیا ہے تاہم ایران نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔