نواز شریف کی چاپلوسی کرنے والے آج بھی اقتدار میں شامل ہیں، چوہدری شجاعت

ویب ڈیسک  بدھ 19 فروری 2020
عمران خان سیاسی ہیرا پھیری نہیں سیکھے، شجاعت حسین فوٹو: فائل

عمران خان سیاسی ہیرا پھیری نہیں سیکھے، شجاعت حسین فوٹو: فائل

لاہور: مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی چاپلوسی کرنے والے آج بھی اقتدار میں شامل ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے عمران خان کی نیک نیتی کی وجہ سے آج انہیں اس منصب تک پہنچایا ہے، عمران خان سیاسی ہیرا پھیری نہیں سیکھے۔ لوگ صحیح اور نیک مشورے کو مخالفت کے زمرے میں پیش کر دیتے ہیں۔

چوہدری شجاعت حسین نے عمران خان کومشورہ دیا کے وہ چاپلوسوں اور چغل خوروں سے دور رہیں، اپنے ارد گرد منافقین کی نشاندہی کریں اور نزدیک نہ آنے دیں۔ اپنے اندر خودپسندی نہ آنے دیں۔ اُنہوں نے ماضی میں نواز شریف کو بھی یہی مشورہ دیا تھا جبکہ نوازشریف نے اس کے برعکس کیا۔ اتفاق کی بات یہ ہے کہ اُس وقت نواز شریف کی چاپلوسی کرنے والے آج بھی اقتدار میں شامل ہیں۔

چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کو بھی مشورہ دیا تھا کہ طالبان کا لفظ مدرسے کے طالب علم سے جوڑ کراستعمال نہ کریں۔ سب سے کہوں گا کہ اپنے ذاتی مفادات کو چھوڑ کر صرف اور صرف ملک و قوم کی خاطر سوچیں گے تو کامیاب رہیں گے، اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے مجھے مشکل وقت سے نکالا اور مجھے صحت یاب کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔