سویا بین ڈسٹ کے حوالے سے محکمہ صحت سندھ کی ایڈوائزری جاری

ویب ڈیسک  بدھ 19 فروری 2020
ڈاکٹر ظفرمہدی کو سویابین ڈسٹ الرجی سے متعلق فوکل پرسن تعینات کیا گیا ہے، محکمہ صحت سندھ۔ فوٹو:فائل

ڈاکٹر ظفرمہدی کو سویابین ڈسٹ الرجی سے متعلق فوکل پرسن تعینات کیا گیا ہے، محکمہ صحت سندھ۔ فوٹو:فائل

کراچی: محکمہ صحت سندھ نے سویا بین ڈسٹ کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کردی۔ 

ایکسپریس نیوزکے مطابق محکمہ صحت سندھ نے سویا بین ڈسٹ کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کردی ہے جس میں میں سویابین ڈسٹ سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر اور علامات واضح کر دی گئی ہیں، ایڈوائزری شہر بھر کے نجی و سرکاری اسپتال انتظامیہ کو ارسال کردی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر ظفرمہدی کو محکمہ صحت سندھ نے سویابین ڈسٹ الرجی سے متعلق فوکل پرسن تعینات کیا گیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کراچی میں زہریلی گیس سے ہلاکتیں 14 ہوگئیں

ایڈوائزری میں اسپتال انتظامیہ کو طبی عملے کی تربیت کرنے، ادویات کی دستیابی سمیت دیگر انتطامات یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ سویا بین ڈسٹ ایک فوڈ الرجی ہے جس میں عموما منہ میں خراشیں ہوجاتی ہیں اور یہ الرجی انسانی جسم کو شدید متاثر کرتی ہے، پیٹ کا درد، الٹی، متلی اور ڈائریا ہونا بھی علامت ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: 14 ہلاکتوں کے بعد سویا بین کی آف لوڈنگ رک گئی

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ دمے کے مریض ماسک کا استعمال کرے، پانی کا زیادہ استعمال کیا جائے، سویا الرجی کی وجہ سے منہ میں خراش، جلد کا ایکزیما، ہونٹ، چہرہ، زبان اور گلے میں سوزش ہوتی ہے، شدید اثر کے تحت سانس لینے میں مشکلات اور بے ہوشی کی شکایت بھی ہوسکتی ہے، شکایات کی صورت میں شہری فوری طبی ماہرین سے مشورہ کریں اور سویا ڈسٹ اور سوئے پروٹین ادویات سے اجتناب برتیں۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے سے اب تک 14 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں اور 300 سے زائد متاثر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔