پی ایس ایل اعداد و شمار کے آئینے میں

عباس رضا  جمعرات 20 فروری 2020
سرفراز احمد کی زیرقیادت میدان میں اترنے والی ٹیم اب تک 42 میں سے 26 میچز جیت چکی اور تناسب 61.90 ہے۔ فوٹو: فائل

سرفراز احمد کی زیرقیادت میدان میں اترنے والی ٹیم اب تک 42 میں سے 26 میچز جیت چکی اور تناسب 61.90 ہے۔ فوٹو: فائل

پی ایس ایل کے ابھی تک 4ایڈیشنز ہوچکے،ان میں کئی ٹیموں اور کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اتار چڑھاؤ بھی دیکھنے میں آئے،امید اور مایوسی کے اس سفر میں سامنے آنے والے اعداد و شمار پر نظر ڈالی جائے تو دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تاحال سب سے کامیاب اسکواڈ ہے۔

سرفراز احمد کی زیرقیادت میدان میں اترنے والی ٹیم اب تک 42 میں سے 26 میچز جیت چکی اور تناسب 61.90 ہے، پشاور زلمی 58.69 کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، گذشتہ ایڈیشن کے آغاز سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ 59.67 کے تناسب سے پہلے نمبر پر تھی، وہ سب سے زیادہ 2 مرتبہ 2016 اور 2018 میں ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے،پشاور زلمی 2017 کی فاتح تھی۔

ایونٹ کا سب سے بڑا مجموعہ 3 وکٹ پر 238 اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کیخلاف بنایا، دوسرا بڑا ٹوٹل 5 وکٹ پر 214 پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف حاصل کیا،شارجہ میں لاہور قلندرز کے ملتان سلطانز کیخلاف4 وکٹ پر 204 رنز تیسرا بڑا اسکور ہے، سب سے کم ٹوٹل 59رنز پر لاہور قلندرز کی ٹیم پشاور زلمی کیخلاف ڈھیر ہوئی۔ گذشتہ 4 ایڈیشنز میں کھیلے گئے 116 میچز میں 33978 رنز بنے اور 23.54 کی اوسط سے 1443وکٹیں گریں، پی ایس ایل 2019 میں رن ریٹ 7.98 جبکہ 2018 اور 2017 میں 7.74رہا تھا، پہلے ایڈیشن میں ٹیموں کی جانب سے رنز بنانے کی اوسط 7.62 رہی۔

پشاور زلمی کے اوپنر کامران اکمل 1286 رنز بناکر پی ایس ایل کے سب سے کامیاب بیٹسمین ہیں،وہ ایونٹ میں 2 سنچریاں بھی اسکور کرچکے، سب سے کامیاب غیرملکی بیٹسمین شین واٹسن نے تاحال 1114 رنز جوڑے ہیں، لیگ میں اب تک 5 سنچریاں بن چکی ہیں، ان میں کولن انگرام (127 ناٹ آؤٹ)، کیمرون ڈیلپورٹ (117ناٹ آؤٹ)، کامران اکمل (104 اور 107 ناٹ آؤٹ)، شرجیل خان(117) شامل ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی سب سے بہترین 169.81 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ خطرناک ترین بیٹسمین ہیں،آصف علی نے 164.26 کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنائے ہیں، تیزترین نصف سنچری کا ریکارڈ مشترکہ طور پر کامران اکمل اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے آصف علی کے پاس ہے، دونوں نے 17،17 گیندوں پر یہ سنگ میل عبور کیا، ایونٹ میں تاحال سب سے زیادہ 67 چھکے کامران اکمل نے لگائے، شین واٹسن 65 اورآصف علی 46 سکسر جڑنے میں کامیاب ہوئے۔

ایونٹ کے سب سے کامیاب بولر وہاب ریاض نے 17.38 کی اوسط سے65 شکار کیے،حسن علی51 وکٹیں حاصل کرکے دوسرے نمبر پر ہیں، ٹاپ 10میں کوئی غیرملکی بولر شامل نہیں، ابھی تک 6بولرز اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرچکے، روی بوپارہ نے 16 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی، اسلام آباد یونائیٹڈ کے فہیم اشرف 19 رنز دے کر اتنے شکار کرنے میں کامیاب ہوئے،عمر گل بھی6شکار کرچکے ، شاہین شاہ آفریدی، شاہد آفریدی اور محمد سمیع ایک ایک مرتبہ 5، 5 وکٹیں لینے میں سرخرو ہوئے، سب سے زیادہ 5 مرتبہ میڈن اوورز شاہد آفریدی نے کیے۔

وکٹ کیپرز میں پشاور زلمی کے کامران اکمل 31 کیچز اور 8 اسٹمپڈ کرکے سرفہرست ہیں، کیرون پولارڈ 24 کیچز تھام کر بہترین فیلڈر ہیں، کامران اکمل اور لیوک رونکی6،6 مرتبہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیت چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔