عوام کا بس چلے تو تھر میں بچوں کے قاتلوں کو عبرت کا نشان بنا دیں،فردوس عاشق

ویب ڈیسک  جمعرات 20 فروری 2020
قوم کو لوٹ کر مال بنانے والوں کو عوام نے نظروں سے گرایا، فردوس عاشق فوٹو: فائل

قوم کو لوٹ کر مال بنانے والوں کو عوام نے نظروں سے گرایا، فردوس عاشق فوٹو: فائل

 اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ عوام کا بس چلے تو تھر کے معصوم بچوں کے قاتلوں کو عبرت کا نشان بنا دیں۔

اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام باشعور ہیں۔ اپوزیشن کی اصلیت اور نیت دونوں سے عوام بخوبی آگاہ ہیں۔ قوم کو لوٹ کر مال بنانے والوں کو عوام نے نظروں سے گرایا اور عمران خان کو دہائیوں سے قوم پر مسلط 2 خاندانوں کے استحصالی راج سے نجات کا ذریعہ بنایا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا عوام کے ساتھ احساس اور درد کا رشتہ ہے۔ وہ ماضی کی حکومتوں کے عوام کو دیے گئے زخموں پر مرہم رکھ رہےہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کو اپنا بس چلانا ہے تو 2 خاندانوں سے لوٹی ہوئی قوم کی دولت واپس دلوائیں۔ پوری قوم آپ کا ساتھ دے گی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کا بس چلے تو تھر کے معصوم بچوں کے قاتلوں کو عبرت کا نشان بنادیں۔ ان کا مستقبل ان سے چھین لینے والوں کو لوہے کا زیور پہنائیں۔ ن لیگیوں سے کہتی ہوں کہ قوم کو وہ وقت نہیں بھولا جب عوام “شیر آٹا کھا گیا کے نعرے لگاتے تھے” ۔سارے پاکستان کو معلوم ہے کہ اس وقت آٹا،چینی ،گھی اور خاص کرکے مرغیوں پر کس کا کنٹرول تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔