عمر شریف کی بیٹی کے غیر قانونی ٹرانسپلانٹ پر مقدمہ درج

طالب فریدی  جمعرات 20 فروری 2020
ایف آئی اے نے ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کی درخواست پر تحقیقات شروع کی ۔ فوٹو: فائل

ایف آئی اے نے ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کی درخواست پر تحقیقات شروع کی ۔ فوٹو: فائل

 لاہور: ایف آئی اے نے عمر شریف کی بیٹی حنا شریف کا غیر قانونی ٹرانسپلانٹ کرنے پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی جب کہ ڈپٹی ڈائریکٹر کی سربراہی میں تین ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔

وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کو اداکار عمر شریف کے اہلخانہ کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ ان کی صاحبزادی حنا شریف کا ٹرانسپلانٹ کرنے کے لیے ڈاکٹرز نے لاکھوں روپے بٹورے اور آزاد کشمیر میں ان کا ٹرانسپلانٹ بھی کیا گیا جس کے بعد ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی ایکٹ کے تحت ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر کے ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری سرفراز کی نگرانی میں ٹیم نے کام شروع کر دیا۔

ایف آئی اے کے مطابق معروف اداکار عمر شریف کی بیٹی حنا شریف غیر قانونی گردے کی ٹرانسپلانٹ کی وجہ سے جاں بحق ہوگئی تھیں جس کے بعد ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کی درخواست پر ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کی۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ جن ڈاکٹرز کے خلاف پہلے کارروائی کی گئی تھی وہی ڈاکٹرز قانون میں سقم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بچ نکلے اور دوبارہ اسی گھناؤنے کاروبار میں شامل ہو چکے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: معروف کامیڈین عمر شریف کی بیٹی انتقال کرگئیں

واضح رہے کہ عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کامیڈین اور اسٹیج اداکارعمرشریف کی بیٹی حنا شریف گردوں میں انفیکشن کے مرض کے باعث لاہورکے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھیں جہاں وہ چند روز قبل انتقال کر گئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔