پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب

ویب ڈیسک  جمعرات 20 فروری 2020
افتتاحی تقریب میں راحت فتح علی خان، سجاد علی، ابرار الحق اور آئمہ بیگ کی شاندار پرفارمنس

افتتاحی تقریب میں راحت فتح علی خان، سجاد علی، ابرار الحق اور آئمہ بیگ کی شاندار پرفارمنس

 کراچی: پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوئی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب ہوئی جس میں 350 فنکاروں نے اپنے فن کا زبردست مظاہرہ کیا جب کہ راحت فتح علی خان، سجاد علی، ابرار الحق، صنم ماروی اور آئمہ بیگ نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا جس پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین جھومنے پر مجبور ہوگئے۔

افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، چیئرمین پی سی بی احسان مانی، سابق کرکٹرز اور اداکاروں سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی جب کہ تقریب کے اختتام پر شاندار آتشبازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ؛

پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں کو مبارکباد دیتا ہوں، اس بار پی ایس ایل 5 کی افتتاحی تقریب کراچی میں ہورہی ہے جس پر کرکٹ بورڈ کا شکر گزار ہوں۔

چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ؛

چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے کہا کہ پورا پی ایس ایل پاکستان میں کرانے کا اپنا وعدہ پورا کردیا، پاکستان پی ایس ایل کے لیے مکمل تیار ہے جب کہ تمام سیکیورٹی اداروں کے تعاون کے بغیرپی ایس ایل 5 کا انعقاد ممکن نہ تھا تاہم اگلے سال پشاور کو بھی پی ایس ایل میں شامل کیا جائےگا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔