احسان مانی کی ’’نو لفٹ‘‘ پر قائمہ کمیٹی شدید برہم

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 22 فروری 2020
افسران کو دی جانی والی مراعات اور سہولیات کا ہرصورت جواب دینا ہوگا،مہرین
 فوٹو: فائل

افسران کو دی جانی والی مراعات اور سہولیات کا ہرصورت جواب دینا ہوگا،مہرین فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی ’’نو لفٹ‘‘ نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو شدید برہم کر دیا، ایک اور میٹنگ میں شریک نہ ہونے پر مایوسی ظاہر کرتے ہوئے آئندہ ریکارڈ سمیت پیش نہ ہونے پر پریس کانفرنس کا اعلان کردیا۔

گذشتہ روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس کی صدارت چیئرمین آغا حسن بلوچ نے کی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کی عدم شرکت پر کمیٹی ارکان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تنبیہہ کی کہ اگر وہ آئندہ ریکارڈ کے ساتھ پیش نہ ہوئے تو ان کیخلاف پریس کانفرنس کریں گے۔

رکن قومی اسمبلی مہرین رزاق بھٹو نے کہاکہ اجلاس شیڈول کے مطابق ہوتا ہے لیکن احسان مانی طلبی کے باوجود پیش نہ ہوئے ، پی سی بی کے چیئرمین کہاں ہیں؟ چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ احسان مانی نے بتایا ہے کہ وہ پی ایس ایل میں مصروف ہیں، انھوں نے آئندہ اجلاس میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مہران رزاق بھٹو نے کہاکہ ہمیں معلوم ہونا چاہیے کہ پی سی بی حکام کو کتنی مراعات دی جا رہی ہیں، چیئرمین قائمہ کمیٹی کو جواب دہ ہیں، افسران کو دی جانے والی مراعات اور سہولیات کا ہر صورت جواب دینا ہوگا، کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہ ہم حیران ہیں کہ ان تفصیلات میں اتنی حساسیت کیا ہے،2015میں قائمہ کمیٹی میں پی سی بی کی تفصیلات پیش ہوئیں تو اب کیوں نہیں ہو سکتیں، چیئرمین پی سی بی اگر آئندہ اجلاس میں نہ آئے تو ان کے خلاف پریس کانفرنس کرینگے، انھیں6مارچ کو دوبارہ طلب کر لیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔