سوشل میڈیا صارفین کی فہد مصطفیٰ کو مقدس مقام کا احترام کرنے کی ہدایت

ویب ڈیسک  ہفتہ 22 فروری 2020
 یہ حرم شریف ہے کوئی ٹی وی چینل نہیں مہربانی کرکے کچھ اخلاقیات سیکھیں۔ سوشل میڈیا صارفین فوٹوفائل

یہ حرم شریف ہے کوئی ٹی وی چینل نہیں مہربانی کرکے کچھ اخلاقیات سیکھیں۔ سوشل میڈیا صارفین فوٹوفائل

کراچی: اداکار فہد مصطفیٰ کو عمرے کے دوران لی گئی تصویر شیئر کرنے پر سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور لوگ انہیں مقدس مقام کا احترام کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

عمرے کی ادائیگی کے دوران فنکاروں کی جانب سے تصویر شیئر کرنا ٹرینڈ بن چکا ہے اور ہر فنکار عمرے کی ادائیگی کے دوران اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتا ہے اور لوگ فنکاروں کو مبارکباد دیتے ہیں۔

گزشتہ روز اداکار فہد مصطفیٰ نے بھی عمرے کی ادائیگی کے دوران مقدس مقام حرم شریف کے سامنے کھڑے ہوکر لی گئی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی۔ تاہم سوشل میڈیا صارفین جہاں فہد مصطفیٰ کو عمرے کی ادائیگی کے لیے مبارکباد دے رہے ہیں وہیں انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔

لوگوں نے تصویر میں  فہد مصطفیٰ کے خانہ کعبہ کے سامنے کھڑے ہونے کے انداز پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا ایسا لگ رہاہے جیسے فہد مصطفیٰ فوٹوشوٹ کروارہے ہوں۔ زایان نامی شخص نے کہا خدا فہد مصطفیٰ کو ہدایت دے۔

سارہ جی نامی خاتون نے لکھا آپ چھٹیاں منانے نہیں گئے بلکہ روحانی سفر پر گئے ہیں لہٰذا مہربانی کرکے فوٹوشوٹ کروانا اورسیلفیز لینا بند کردیں یا حج اور عمرے کے بعد تصاویر لیں۔

علی شیخ نامی شخص سمیت بہت سے لوگوں کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کو مکہ، مدینہ اور دیگر مقدس مقامات پر تصاویر کھینچنے پر پابندی لگانی چاہیئے۔ اویس بیگ نامی صارف نے لکھا خدا کا خوف کرو یہ ماڈلنگ کرنے کی جگہ نہیں ہے جہاں یہ اس طرح کھڑے ہیں۔

عبدالصمد منگی نے لکھا یہ حرم شریف ہے کوئی ٹی وی چینل نہیں مہربانی کرکے کچھ اخلاقیات سیکھیں۔

بہت سے صارفین نے فہد مصطفیٰ کو عمرے کی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ آپ کا عمرہ قبول فرمائے۔ جب کہ کچھ لوگوں نے کہا ہم کون ہوتے ہیں کسی کو جج کرنے والے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔