برآمدی آرڈرز کی بھرمار؛ ٹیکسٹائل سیکٹرکی پیداوار بڑھ گئی

سلمان صدیقی  اتوار 23 فروری 2020
چین میں کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر کے خریدار پاکستان کا رخ کرنے لگے

چین میں کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر کے خریدار پاکستان کا رخ کرنے لگے

کراچی: پاکستان کا ٹیکسٹائل سیکٹر اس وقت اپنی پوری پیداواری صلاحیت کے ساتھ چل رہا ہے اور امکان ہے حکومت رواں مالی سال کے دوران 24 سے 25 ارب ڈالر کا برآمدی ہدف حاصل کر لے گی۔

جنوری میں حکومت نے خام کپاس کی درآمد پر ٹیکس واپس لے لیے تھے، آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین آصف انعام نے ایکسپریس ٹربیون کو بتایا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی پیداوار اس وقت اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے اور ہمارے لئے مزید برآمدی آرڈرز پورے کرنے کی صلاحیت نہیں رہی۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے چین کی ٹیکسٹائل انڈسٹری متاثر ہوئی ہے اور بڑی تعداد میں عالمی خریدار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا اگر حکومت بجلی گیس کی بڑھتے نرخ اور ریفنڈ کے مسائل پرقابو پالے تو آئندہ پانچ برسوں میں ٹیکسٹائل کی برآمدات دوگنا ہو سکتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔