عالمی بینک پاکستان کے ماحولیاتی نظام کیلیے ساڑھے 18 کروڑ ڈالر دینے کا خواہاں

ویب ڈیسک  اتوار 23 فروری 2020
یہ رقم پہلے سے موجود نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ کو فراہم کی جائے گی (فوٹو : فائل)

یہ رقم پہلے سے موجود نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ کو فراہم کی جائے گی (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: ورلڈ بینک نے پاکستان کے ماحولیاتی نظام کی بحالی کے لیے 188 ملین ڈالر فراہم کرنے کی خواہش ظاہر کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ورلڈ بینک نے پاکستان کے ماحولیاتی نظام کی بحالی کے لیے 188 ملین ڈالر فراہم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، یہ رقم پہلے سے موجود نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ کو فراہم کی جائے گی۔

ترجمان این ڈی آر ایم ایف کے مطابق ایشین ڈویلپمنٹ بینک بھی این ڈی آر ایم ایف کے ذریعے مختلف منصوبوں کو مالی معاونت فراہم کررہا ہے، ورلڈ بینک دس ارب درخت سونامی جیسے وسیع منصوبوں کی مالی اعانت کرے گا، ورلڈ بینک ری چارج پاکستان، ای وہیکلز، میرین لائف اینڈ بلیو اکانومی اور ماحولیاتی سیاحت پر بھی توجہ مرکوز کرے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ورلڈ بینک کی خواہش سے وزیر اعظم کے مقاصد پر بین الاقوامی مالیاتی اداروں کا اعتماد ظاہر ہوتا ہے، گرانٹس کے ذریعے صوبائی حکومتوں اور دوسرے شراکت داروں کو رقم فراہم کریں گے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ورلڈ بینک نے ہائیڈرو میٹ پروجیکٹ سے متعلق وفاقی و صوبائی حکومتوں اور غیر سرکاری تنظیموں سے مشاورت کی ہے، عالمی بینک اب ماحولیاتی نظام کی بحالی کے لیے ہائیڈرو میٹ پروجیکٹ کے فنڈز استعمال کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔