ریلوے سی پیک منصوبہ: آج وزارت میں جمع کرایا جائے گا

بلال غوری  پير 24 فروری 2020
وزارت منظوری کیلیے منصوبہ پلاننگ کمیشن کو بھجوائے گی، 9 سال میں مکمل ہو گا۔ فوٹو:فائل

وزارت منظوری کیلیے منصوبہ پلاننگ کمیشن کو بھجوائے گی، 9 سال میں مکمل ہو گا۔ فوٹو:فائل

لاہور: سی پیک منصوبہ آج وزارت ریلوے میں جمع کروایا جائے گا جسے وزارت ریلوے منظوری کیلئے پلاننگ کمیشن کو بھجوائے گی۔

پاکستان ریلوے کے ہیڈ آف سی پیک بشارت وحید کی جانب سے 9 ارب 17 کروڑ 23 لاکھ ڈالر سے زائد کا سی پیک منصوبہ آج وزارت ریلوے میں جمع کروایا جائے گا جسے وزارت ریلوے منظوری کیلئے پلاننگ کمیشن کو بھجوائے گی، منصوبہ 9 سالوں میں مکمل ہو گا جو 3 مرحلوں پر مشتمل ہے، پہلے مرحلہ میں کراچی تا پشاور 1872 کلو میٹر ریلوے ٹریک کو 160 کلو میٹر کی رفتار سے ٹرینیں چلانے کیلئے اپ گریٹ کیا جائے گا۔

ریلوے پھاٹک،سگنلز، اسٹیشنوں کی عمارتوں کی تعمیر و مرمت کے ساتھ ساتھ انڈر پاسز اور فلائی اوورز بھی بنائے جائیں گے، ریلوے والٹن اکیڈمی کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا جس پر 4 کروڑ 34 لاکھ سے زائد ڈالر لاگت آئے گی۔

لاہور اور لالہ موسی کے درمیان 132 کلو میٹر لائن بچھائی جائے گی، پشاور تا نوشہرہ ٹریک کو اپ گریڈ کرنے کیلئے نئی لائن بچھائی جائے گی جس پر 86 کروڑ 26 لاکھ ڈالر سے زائد لاگت آئیگی، پہلے مرحلہ میں ہی کالووال پنڈورا کے درمیان 521 کلومیٹر ٹریک کو اپ گریڈ کیا جائیگا اور یہاں پر ڈبل لائن بچھائی جائے گی جس پر 34 کروڑ 33 لاکھ ڈالر لاگے آئے گی ۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔