گندم کے بعد اب چینی کی درآمد پر بھی ریگولیٹری ڈیوٹی ختم

ارشاد انصاری  پير 24 فروری 2020
اس اقدام کا بنیادی مقصد ملک میں چینی کی دستیابی کو یقینی بنانا، ایف بی آر حکام ۔ فوٹو: فائل

اس اقدام کا بنیادی مقصد ملک میں چینی کی دستیابی کو یقینی بنانا، ایف بی آر حکام ۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی حکومت نے گندم کے بعد اب چینی اور مختلف اقسام کی خام چینی کی درآمد پر عائد 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی بھی ختم کردی۔

اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے باضابطہ طور پر نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جس کے ذریعے 28 جون 2019ء کو جاری کردہ ایس آر او نمبر میں ترامیم کی گئی ہے۔

اس ترمیمی نوٹی فکیشن کے تحت ایف بی آر نے چقندر سے تیار کردہ چینی اور دیگر اقسام کی خام چینی کی درآمد پر عائد 40 فیصد ریگولیٹری ختم کردی ہے۔

اس بارے میں جب ایف بی آر حکام سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر نے چینی کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے اس اقدام کا بنیادی مقصد ملک میں چینی کی دستیابی کو یقینی بنانا اور رمضان المبارک کے دوران چینی کی معقول قیمت پر دستیابی کے حوالے سے پیشگی اقدام ہے تاکہ اگر ضرورت پڑے تو چینی درآمد کی جاسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔