سونے کی قیمت ایک بار پھر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر

اسٹاف رپورٹر  پير 24 فروری 2020
سونے کی فی تولہ قیمت میں دو ہزار روپے کا بڑا اضافہ ہوا ہے (فوٹو : انٹرنیٹ)

سونے کی فی تولہ قیمت میں دو ہزار روپے کا بڑا اضافہ ہوا ہے (فوٹو : انٹرنیٹ)

 کراچی: سونے کی قیمت 2000 روپے کے بڑے اضافے کے ساتھ ایک بار پھر ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت یک دم 40 ڈالر اضافے سے 1684 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں پیر کو سونے کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی اور فی تولہ و فی 10 گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 2000 اور 1715 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

نتیجے میں مختلف شہروں کے صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 96 ہزار 300 روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 82 ہزار 562 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

بلین مارکیٹ کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ دبئی بلین مارکیٹ کی نسبت مقامی صرافہ مارکیٹوں سونے کی فی تولہ قیمت اب بھی 1800روپے کم ہے تاہم اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1060 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت 908 روپے 77 پیسے پر مستحکم رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔